Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئی طاقت پاک سعودی تعلقات کو کمزور نہیں کرسکتی، اشرفی

لاہور .... پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اخوت ، محبت اور ایمان کے رشتے پر قائم ہیں۔ کوئی بھی شر کی قوت پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو کمزور نہیں کر سکتی ۔خادم حرمین شریفین کی طرف سے قطر کے عوام کیلئے حج ضیافت کا اعلان اور شہداء فلسطین کے ایک ہزار لواحقین کیلئے حج کی دعوت قابل ستائش قدم ہے۔ سعودی فضائیہ کو یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھیجنے پر سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہی گئی ۔ سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا عظیم ملک ہے اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مستقبل میںتعلقات مزید مضبوط ہوںگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے علماء کے درمیان انتہاپسندی ،دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے روابط کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے گا ۔ انہوں نے ارض الحرمین الشریفین کے دفاع اور سلامتی کیلئے پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد کو قابل ستائش قرار دیا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین کے دشمن پاکستان اور عالم اسلام کے دشمن ہیں ۔ پاکستانی قوم ، پاکستانی فوج ، پاکستان کے علماء ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ عاصفۃالحزم سعودی قیادت کا بہتر فیصلہ تھا اور خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی تجویز پر قطر کے حجاج کیلئے مکمل سہولتوں کا اعلان امت مسلمہ کیلئے اطمینان اور خوشی کا سبب ہے ، ایک ہزار فلسطینی شہداء کے لواحقین کو حج کے موقع پر دعوت دینا سعودی عرب کی قیادت اور عوام کا فلسطین کے ساتھ محبت اور یکجہتی کا ثبوت ہے ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے پاکستان سے خادم الحرمین الشریفین کی دعوت پر جانے والے وفد میں علماء و مشائخ اور مفکرین کی شمولیت پرشاہ سلمان ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان ،سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور وزیر مذہبی امور الشیخ صالح آل شیخ کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: