Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ پاکستان کی کل جماعتی کانفرنس ملتوی

کراچی...ایم کیو ایم پاکستان نے بیشترسیاسی جماعتوں کی جانب سے شرکت سے انکار کے بعد آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کردی۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ خلوص اور سنجیدگی کے ساتھ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی لیکن سیاسی جماعتوں کی جانب سے کانفرنس میں شرکت سے انکار صدمے کی بات ہے۔ کل رات تک تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کے بعد سیاسی جماعتوں نے اچانک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کیا انہوںنے 22 اگست 2016 کے بعد کی ہماری جدوجہد کو تسلیم نہیں کیا۔ اپنے مخالفین پاک سرزمین پارٹی اور مہاجر قومی موومنٹ کے آفاق احمد کو دل کشادہ کرکے دعوت دی لیکن بائیکاٹ کرنے والوں کو شاید اچھا نہیں لگا۔ بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں نے الطاف حسین کی سیاست کی توثیق کی ہے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، اے این پی،فنکشنل لیک مسلم لیگ (ق)،جے یو آئی (ف) اور سنی تحریک شامل نے کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا ہے۔ان سیاسی جماعتوں کا موقف ہے کہ کانفرنس کا ایجنڈا واضح نہیں تھا۔

 

شیئر: