Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امسال حج انتظامات بے مثال رہے، مختار عباس نقوی

نئی دہلی۔۔۔۔۔حج کے تمام مناسک بحسن و خوبی ادا کرکے حجاج کرام وطن واپس آنا شروع ہوگئے ہیں۔اس کیلئے سعودی حکومت اور انتظامیہ لائق تحسین ومبارکباد ہیں جنہوں نے اتنے اعلیٰ انتظامات کرکے مثال قائم کردی ہے۔گزشتہ برسو ں کے مقابلے میں امسال حجاج کو دی جانے والی سہولتیں اور انتظامات نہایت عمدہ تھے۔سعوی قیادت ،حکام اور انتظامیہ کی کاوشوں کی بدولت حج پرامن طور پر مکمل ہوا۔وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے د عویٰ کیا کہ اس سال ہند میں بھی حج 2017سے بہتر انتظامات پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عموماً پہلے جتنے بھی حج ہوئے کبھی فلائٹ کینسل ہونے اور کبھی شیڈول تبدیل ہونے کی شکایتیں عام تھیں۔امسال پورے ملک میں 21مقامات سے حج پروازیں روانہ ہوئیں، ایک جگہ سے بھی فلائٹ کیسنل ہونے کی شکایت نہیں ملی اور نہ ہی فلائٹ شیڈول تبدیل کئے گئے۔اس کی وجہ یہ تھی کہ میں نے حجاج کرام کے سفر سے متعلق ایئرلائنز والوں سے میٹنگ کے دوران انگریزی اور عام زبان میں سمجھادیا تھا کہ اگر حج فلائٹس میں کوتاہی برتی گئی تو نہ صرف یہ کہ ہمیشہ کیلئے انہیں بلیک لسٹ کردیا جائیگا بلکہ نقصانات بھی سود سمیت وصول کرلیں گے۔ نقوی نے کہا کہ حج انتظامات مرکزی حکومت ، وزارت اقلیت اور حج کمیٹی آف انڈیا کے مشترکہ تعاون سے کئے گئے جس کے نتیجے میں اندرون ملک اور سعودی عرب میں حاجیوں کو بہترسہولتیں دی جا سکیں۔قونصل حج کو یہ ہدایت دی گئی تھی کہ روزانہ حجاج کرام کے بارے میں معلومات اپ ڈیٹ کی جائیں اور سوشل میڈیا پر ڈالی جائیں۔انہوں نے کہا کہ انڈین حج قونصل اور ہمارے باہمی تعاون سے حاجیوں کوبہتر رہائش اور آمدورفت کے انتظامات کئے گئے۔واضح ہوکہ امسال ایک لاکھ 70ہزار لوگوں نے فریضۂ حج ادا کیا جنہیں ملک کے 21مقامات سے ارض مقدس حاضری کا اور حج کی سعادت کا موقع ملا۔

شیئر: