سعودی عرب کی ترکیہ اور آذربائیجان پر ایران کے ’بزدلانہ‘ حملوں کی مذمت
اس طرح کے اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔( فوٹو: اے پی)
سعودی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ترکیہ اور آذربائیجان کے علاقوں پر ایرانی حملوں کی مذمت کی جس سے علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
وزارت نے بیان میں کہا کہ ‘دونوں ملکوں کے خلاف یہ بزدلانہ کوششیں اور خطے کے ملکوں کے خلاف ایرانی رویے کا تسلسل ایک ایسے جارحانہ طرزِ عمل کو ظاہر کرتا ہے جسے کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔‘
ایس پی اے کے مطابق بیان میں خبردار کیا گیا کہ ’اس طرح کے اقدامات بین الاقوامی قانون، اقداراوراچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں، جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔
سعودی عرب نے ترکیہ اور آذربائیجان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی اپنی سلامتی، شہریوں، فضائی حدود، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے حق کی تائید کی۔ خطے کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
یاد رہے جمعرات کو آذربائیجان نے ایران پر ایک ڈرون حملے کا الزام لگایا جس نے نخچپوان کے علاقے کو نشانہ بنایا اور ایک ائیرپورٹ پر حملہ کیا، جس میں دو شہری زخمی ہوئے۔
ترکیہ نے اعلان کیا کہ نیٹو کے فضائی دفاع نے بدھ کو ایک ایرانی بیلسٹک میزائل کو ملک کی فضائی حدود کے قریب آتے ہی روک دیا۔
