Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیطان مسلمانوں میں فتنے پھیلا رہا ہے ، امام حرم

مکہ مکرمہ ..... مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے خبردار کیا ہے کہ شیطان مسلمانوں میں فتنے پھیلا رہا ہے ۔ خدا ترسی نجات کا واحد ذریعہ ہے اسی سے کام لیا جائے ۔ وہ عید الاضحی کے بعد آنیوالے پہلے جمعہ کے موقع پر لاکھوں حجاج ، مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے سامنے ایمان افروز ماحول میں خطبہ دے رہے تھے ۔ امام حرم نے کہا کہ خدا ترس لوگ ہی حقیقی معنوں میں اللہ کے پکے سچے ولی ہوتے ہیں ۔ یہ خطرات سے بالا اور رنج و ملال کی کیفیتوں سے آزاد ہوتے ہیں ۔ امام حرم نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے حجاج کرام کو مناسک حج کی ادائیگی کی توفیق عطا کر کے ایمان و یقین کی نعمت سے نہال کر دیا۔حجاج کرام یاد رکھیں کہ حج کے اعمال 2عظیم المرتبت پیغمبروں سیدنا ابراہیم اور سیدنا محمد بن عبداللہ علیہما الصلاۃ والسلام کا انمول ترکہ ہیں ۔ حجاج حج کی نعمت عطا کئے جانے اور مناسک حج امن و امان ، سکون و اطمینان اور آرام و راحت کے ساتھ ادا کرنے کا موقع ملنے پر رب کا شکر ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرنے والے لوگ اپنے ان بھائیوں کو بھی اپنی دعائوں کا حصہ بنائیں جنہوں نے امسال حج موسم کو کامیاب بنانے میں رات دن ایک کئے رکھا ۔ امام حرم نے کہا کہ ہر سال اطاعت و فرمانبرداری اور اچھے اچھے کاموں کا موسم بار بار لانا بندوں سے اللہ تعالیٰ کی محبت اور بندوں پر اللہ کے رحم کی علامت ہے ۔ امام حرم نے توجہ دلا ئی کہ شیطان کو بندگان خدا کی رب سے تعلق داری ، رب العالمین کی تابعداری اور اس کے احکام کی تعمیل ایک پل نہیں بھاتی وہ یہ دیکھ کر بہت زیادہ غصے میں آجاتا ہے کہ برسہا برس کی اس کی محنت توبہ و مغفرت طلبی کی ذریعے پل بھر میں رائیگاں چلی گئی ۔ شیطان یہ دیکھ کر طرح طرح کے فتنے پھیلاتا ہے ۔ مسلمانوں کے دلوں اور ذہنوں پر وار کرتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے حج کے ذریعے اپنے بندوں میں اطاعت و فرمانبرداری کی روح برپا کی ہے ۔ حج ایام کے دوران تمام ضیوف الرحمان جتنے کام بھی کرتے ہیں ان سب سے اللہ کیلئے کامل بندگی اور مکمل تابعداری منعکس ہوتی ہے ۔ یہ حج کا سب سے بڑا مقصد ہے ۔ حجاج کو اس بات کا لحاظ رکھنا ہے کہ وہ اپنے دل ، اعضاء و جوارح کو اللہ کی بندگی کیلئے وقف کر دیں ۔ کامل تابعداری حضرت ابراہیم ؑ کا شعار تھا ۔ اللہ تعالیٰ نے طرح طرح سے ان کا امتحان لیا جس میں وہ پورے اترے ۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ عبدالمحسن القاسم نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے زائرین کو نصیحت کی کہ کسی بھی کام کی قبولیت کی 2شرطیں ہیں ۔ ایک تو یہ وہ کام قرآن و سنت کے مطابق ہو دوسرے یہ کہ صحیح کام اخلاص کے ساتھ کیا جائے ۔ ان شرطوں میں سے جب بھی کوئی ایک شرط ناپید ہو گی کسی بھی بندے کا عمل قبول نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام 2ستونوں پر قائم ہے ۔ ایک تو یہ کہ بلاشرکت غیرے صرف ایک اللہ کی عبادت کی جائے اور اس طرح سے کی جائے جس طرح سے کہ اللہ تعالیٰ نے عبادت کا حکم دیا ہے ۔ امام القاسم نے کہا کہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کے وقت آواز اونچی نہ کی جائے ۔ اس کی اجازت نہیں ہے ۔ قرآن پاک میں ایسا کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔

شیئر: