لاہور ...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے مجھے توہین عدالت کے معاملے پر بلا رکھا ہے، کوئی غلط کام نہیں کیا ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن عدالت ہے؟ کیا پہلے کسی کوتوہین عدالت میں بلایا گیاہے؟۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے مجھے بلیک میل کیا جارہا ہے۔ پانا مہ کیس لڑنے کی سزادی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری کون سے چیز تھی جو الیکشن کمیشن کو نہیں معلوم تھی۔ کیا وجہ ہے بار بار الیکشن کمیشن میں گھسیٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شریفوں کا وقت ختم ہوگیا ، ان کی اصل جگہ اڈیالہ جیل ہے۔ اقامہ کے پیچھے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی پاکستان کے اداروں کوچلنے نہیں دیا۔ مجھے کیوں نکالا کی ساری کوشش عدالت پر پریشر ڈالنے کی مہم تھی۔عدالت نے نواز شریف کی نظرثانی درخواست مسترد کردی ہے۔ قوم کی طرف سے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انصاف کی جیت ہوگی۔ نواز شریف کی کوشش تھی کی پریشر کے ذریعے مانیٹرنگ جج کوہٹایا جائے۔ مانیٹرنگ جج ہٹ گیا توسارے ادارے توان کے اپنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این اے 120 میں مسلم لیگ ن کا قائم کردہ خوف اب اٹھ گیا ۔ریلی میں شرکت کرنے پر لاہور کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے سوال کیا کہ مریم نواز کس حیثیت سے میڈیاسیل چلاتی ہیں۔بیورو کریسی کو حکم دیتی ہیں۔ کیا مریم نواز ڈپٹی پرائم منسٹرہیں ؟۔ مریم نوازکی قابلیت کیا ہے؟ ایم اے انگلش؟یہاں ایک اینٹ اٹھاوتو آپ کوایم اے انگلش مل جائے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا تقرر سپریم کورٹ کوکرنا چاہیے۔