Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کے ٹو پر چینی کوہ پیما ہلاک، لاش کی بازیابی کے لیے موسم بہتر ہونے کا انتظار

گوان جِنگ ان 30 کوہ پیماؤں میں شامل تھیں جنہوں نے پیر کو کے ٹو کی چوٹی سر کی تھی (فائل فوٹو: گوان چنگ)
ایک چینی کوہ پیما گوان جِنگ پاکستان کی بلند و بالا چوٹی کے ٹو سے واپسی کے دوران ہلاک ہو گئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ منگل کی رات پیش آیا جب وہ چوٹی سر کرنے کے بعد نیچے آ رہی تھیں اور پتھروں کی زد میں آ گئیں۔
ڈپٹی کمشنر شگر عارف احمد کے مطابق گوان جِنگ کے ٹو کی چوٹی سے واپسی کے دوران ابروززی اسپر کے خطرناک راستے پر حادثے کا شکار ہوئیں، جو کیمپ ون اور ایڈوانسڈ بیس کیمپ کے درمیان واقع ہے اور اکثر پتھروں کے گرنے کے واقعات کے لیے جانا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’پاک فوج کی ایوی ایشن ٹیم لاش کی بازیابی کے لیے تیار ہے تاہم خراب موسم کے باعث کارروائی مؤخر کی گئی ہے۔‘
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق گوان چنگ اس موسم گرما میں کوہ پیمائی کے دوران ہلاک ہونے والی چوتھی کوہ پیما ہیں۔
اس سیزن میں اب تک چار اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جن میں دو کے ٹو پر، ایک نانگا پربت پر اور ایک لیلہ پیک پر ہوئی جہاں گزشتہ ماہ جرمن اولمپک بائیاتھلیٹ لورا ڈالمایر پتھروں کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئی تھیں۔
گوان جِنگ ان 30 کوہ پیماؤں میں شامل تھیں جنہوں نے پیر کے روز کے ٹو کی چوٹی سر کی تھی۔
کے ٹو (جو کہ 8,611 میٹر بلند ہے) دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے اور تکنیکی لحاظ سے ایورسٹ سے بھی زیادہ مشکل سمجھی جاتی ہے۔
پاکستان میں دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے پانچ واقع ہیں اور ہر سال جون سے اگست تک دنیا بھر سے کوہ پیما پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔

 

شیئر: