Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہنگیا مسلمانوں کا اجتماعی قتل عام بند کرایا جائے، سعودی عرب

ریاض..... سعودی عرب نے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کا اجتماعی قتل عام بند کرایا جائے۔ تشدد اور اجتماعی سزا سے روہنگیا کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مداخلت کی جائے۔ انسانی بنیادوں پر مسئلہ حل کیا جائے۔ مملکت کا یہ مطالبہ انسانی حقوق کونسل کے 36ویں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب میانمار میں مسلم اقلیت کے مسئلے کو اپنی ترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہے۔ الواصل نے کہا کہ سعودی عرب روہنگیا کی مسلم اقلیت پر جارحانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ مملکت کو اس بات پر افسوس ہے کہ میانمار کی حکومت تحقیقاتی کمیشن کو اپنے یہاں آنے سے مسلسل روک رہی ہے۔ تحقیقاتی کمیشن انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خطرناک خلاف ورزیوں کی نشاندہی کیلئے میانمار جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سعودی عرب نے کہا کہ راکھین تک امدادی سامان کی ترسیل اور انسانی تنظیموں کے کارندوں کو وہاں پہنچنے سے میانمار کے حکام کا روکنا افسوسناک ہے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ میانمار میں انسانی حقوق کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ خصوصاً راکھین کا علاقہ زیادہ متاثر ہے۔ انسانی حقوق کونسل کا فرض ہے کہ وہ خلاف ورزیاں بند کرائے۔ روہنگیا کے مسلمانوں کے مصائب دور کرائے۔ میانمار کے حکام سے بین الاقوامی عہد و پیمان پورے کرائے۔ ریاست کے تمام اداروں میں پرامن بقائے باہم اور رواداری کو فروغ دیا جائے۔ 
 

شیئر: