Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تقسیم کی سیاست ملک کیلئے نقصان دہ ہے، راہول گاندھی

نیو یارک۔۔۔۔۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے نیو یارک میں بیرون ممالک مقیم ہندوستانیوں (این آر آئی) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کسی زمین کے ٹکڑے کا نام نہیں  بلکہ ہندوستان ایک خیال ہے، ایک نظریہ ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ، مختلف بولی بولنے والے امن و بھائی چارے کے ساتھ آباد ہیں ہمیں اس کی حفاظت کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جو تقسیم کی سیاست ہو رہی ہے، اس سیاست اور اس سوچ کو بدلنا ہوگا کیونکہ یہ ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔راہول  گاندھی نے ہندوستان کی تعمیر و ترقی میں این آر آئی کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دراصل کانگریس کی جو تحریک ہے وہ این آر آئی کی تحریک ہے۔ ہمارے قائد مہاتما گاندھی، نہرو،امبیڈکر، سردار پٹیل اورمولانا آزاد جیسےسبھی لوگوں نے بیرون ممالک سے واپس جاکر ملک میں کانگریس کی تحریک چلائی۔ ہندوستان میں دودھ کی صنعت میں انقلاب لانے والے کورئین نے امریکہ سے واپس جاکر ہندوستان میں انقلابی کام کیا۔راہول گاندھی نے کہا ایسے ہزاروں بیرون ممالک میں مقیم ہندوستانی ہیں جنہوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بے روزگاری پر صرف تشویش کا ہی اظہار نہیں کیا بلکہ اس کے حل بھی پیش کئے۔ بے روزگاری سے متعلق پرنسٹن کے خطاب میں اعداد شمار انہوں نے پیش کئے تھے کہ ہر روز 30,000نوجوان روزگار کی تلاش میں نکلتے ہیں اور محض 450 نوجوانوں کو ملازمت ملتی ہے اس کے حل سے متعلق  انہوں نے بتایا کہ اس خطرناک صورتحال کا حل زرعی صنعت اور گھریلو صنعت کے فروغ  میں مضمر ہے۔

شیئر: