Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کمیونٹی کویت کی جانب سے صفدر ہمدانی کے اعزاز میں عشائیہ

 صفدر ہمدانی قوم کا سرمایہ ہیں، آج کی نوجوان نسل کوان کی شاعری اور ہمہ جہت شخصیت سے سبق سیکھنا چاہئے، سفیر پاکستان
رپورٹ وتصاویر: محمد عرفان شفیق ۔ کویت
کویت :کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے لندن سے آنے ہوئے معروف علمی و ادبی شخصیت، براڈکاسٹر اور شاعر صفدر ہمدانی کے اعزاز میں پرتکلف اور شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب صفدر ہمدانی کے دورہ کویت کی آخری علمی وادبی تقریب تھی۔ اسٹیج پر تقریب کے تمام منتظمین پیر امجد حسین، رانا منیر احمد، اشتیاق ملک، عتیق الرحمان،اخلاق احمد ملک،آصف جمال،خالد منہاس اور یوسف قریشی کے ساتھ مہمان خصوصی صفدرہمدانی اور صدر محفل سفیر پاکستان عزت مآب غلام دستگیر موجود تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجس کی سعادت خوش الحان قاری رانا خلیل احمد نے حاصل کی۔ ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سرور نقشبندی نے پیش کی۔تقریب کی نظامت حکیم طارق محمود صدیقی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔ منتظمینِ پروگرام ملک اشتیاق اور عتیق الرحمان نے تمام احباب کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفدر ہمدانی کے 50 سالہ علمی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک نشست سمندر کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے۔ دیگر احباب نے صفدر ہمدانی کی ہمہ جہت شخصیت کے حوالے سے بھر پور گفتگو کی۔
تقریب میں خاص طورپر مدعو شعراء کرام خالد سجاد، شاہین اشرف علی، بدر سیماب اور سید صداقت ترمذی نے اپنا کلام سنا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی صفدر ہمدانی نے پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ایسی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کھلے دل سے یہ اعتراف کیا کہ کویت کے اس تیسرے سفر میں جو عزت کویت کے عالمی ، ادبی،دینی اور سماجی طبقوں نے دی ہے وہ ان کو دنیا میں کہیں نہیں ملی۔ انہوں نے خاص طور پر سفیر پاکستان غلام دستگیرکی محبتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سفیر صاحب نے کویت میں ادبی فضا اور ماحول کو بہترین بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔
سفیر پاکستان غلام دستگیر نے صفدر ہمدانی کی کویت آمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفدر ہمدانی قوم کا سرمایہ ہیں۔ آج کی نوجوان نسل کوصفدر ہمدانی کی شاعری اور ہمہ جہتی شخصیت سے سبق سیکھنا چاہئے۔اسکے بعد صفدر ہمدانی نے اپنے منتخب اشعار پیش کر کے خوب داد وصول کی۔پروگرام کے اختتام پر فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین پیر امجد حسین نے تمام شرکاء ، شعرا ئے کرام، حاضرین محفل اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا ۔
تقریب کے آخر میں پْر تکلف عشائیہ پیش کیا گیا۔ صفدر ہمدانی نے دیگر احباب کے ہمراہ کیک کاٹا اور یوں علم و ادب کی یہ محفل اختتام کو پہنچی۔
 

شیئر: