ممبئی: ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ میں 27 افراد ہلاک،36زخمی،خون کے عطیہ کی اپیل
ممبئی۔۔۔۔۔۔۔ایلفسٹن ریلوے اسٹیشن پر واقع فٹ اوور برج پر بھگدڑ سے 27افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوگئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئیل کی آمد سے چند گھنٹے قبل یہ حادثہ پیش آیا ہے۔مشتعل لوگوں نے پیوش گوئل کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی نارضگی کا اظہار کیا۔اطلاع کے مطابق ممبئی میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے فٹ اوور برج پر کافی بھیڑ جمع ہو گئی تھی۔ دریں اثنا یہ افواہ پھیل گئی کہ اوور برج ٹوٹ گیا ہےاور وہاں موجود لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ اس بھگدڑ کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ۔ زخمیوں کوکے ای ایم اسپتال میں داخل کرادیاگیا ہے۔اسپتال نےزخمیوں کے علاج کیلئے خون کے عطیہ کی اپیل کی ہے ۔ایلفسٹن ریلوے اسٹیشن ویسٹرن ریلوے کااورپریل سینٹرل ریلوے کالوکل اسٹیشن ہے اور دونوں کو ایک فٹ اوورپل جوڑتا ہے ۔یہاں تجارتی دفاتر کھل جانے کے سبب مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے جبکہ سینٹرل ریلوے نے پریل اسٹیشن ٹرمنل بھی بنادیا ہے ،لیکن فٹ اوورپل کی کمی اور اس کی چوڑائی کو کشادہ کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ فی الحال اسے ایک بڑا حادثہ قراردیا گیا ہے کیونکہ پہلی بار ممبئی کے کسی لوکل اسٹیشن پر بھگڈر کی وجہ سے اتنا بڑا حادثہ پیش آیا ہے ۔پولیس کے مطابق ممبئی میں زبردست بارش کے درمیان اسٹیشن کا سمینٹ کا شیڈگرنے کی افواہ کے بعدقیامت خیز بھگدڑ مچ گئی اور مسافر ایک دوسرے پر گرتے چلے گئے۔وزیر اعظم نریندر مودی نےحادثہ پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی یقین دہانی کی ہے۔ مہارشٹر کے وزیر اعلی دیوندر فڑنویس نے کہا ہے کہ مہارشٹر حکومت اور ریلوےکی جانب سے اس کی تحقیقات کی جائیگی ۔ وہیں مہاراشٹر کے وزیر داخلہ نےلواحقین کو 5 -5 لاکھ روپے بطور معاوضہ دینےکا اعلان کیا ۔