Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی ٹیسٹ: تیسرے دن کے کھیل کا اختتام

ابوظبی:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظبی میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے ہیں۔تیسرے دن کھیل کے آخری اوور میں بابر اعظم 28 رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر آوٹ ہوگئے جبکہ اظہر علی 74 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان کو سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کےلئے مزید 153 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔اس سے قبل پاکستان کے اوپنر سنچری پارٹنرشپ کے بعد یکے بعد دیگرے آوٹ ہو گئے تھے۔شان مسعود 59 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ سمیع اسلم 51 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ امپائر نے آوٹ نہیں دیا تھا مگر سری لنکا نے ریویو لیا جس سے پتہ چلا کہ نیچے رہنے والی یہ گیند وکٹوں سے ٹکرا رہی تھی۔اظہر علی کو آتے ہی اس وقت دھچکہ لگا جب امپائر نے انھیں ایل بی ڈبلیو آوٹ قرار دے دیا لیکن ریویو سے پتہ چلا کہ گیند پیڈ پر لگنے سے قبل بیٹ سے ٹکرائی تھی۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 195 پر گری جب ہیراتھ نے اسد شفیق کو 39 پر آوٹ کیا۔اسد شفیق اور اظہر علی کے درمیان 79 رنز کی شراکت قائم ہوئی تھی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اظہرعلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں5 ہزار رنز مکمل کر لئے،وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے آٹھویں پاکستانی کرکٹر ہیں۔اظہرعلی کو ابوظبی ٹیسٹ میں پانچ ہزار رنز مکمل کرنے کے لئے32 رنز درکار تھے۔ انھوں نے لکشن سنداکن کی گیند پر ایک رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔یہ اظہرعلی کا 61 واں ٹیسٹ اور 115 ویں اننگز ہے۔ اس طرح وہ سب سے کم اننگز میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین بنے ہیں ان سے قبل یونس خان، جاوید میانداد اور محمد یوسف نے ان سے کم اننگز کھیل کر 5 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔اظہرعلی سے قبل پاکستان کی جانب سے یونس خان (10099 رنز)، جاوید میانداد (8832 )، انضمام الحق (8829)، محمد یوسف(7530)، سلیم ملک(5768)، مصباح الحق (5222) اور ظہیرعباس (5062) ٹیسٹ کرکٹ میں 5ہزار یا زائد رنز اسکور کرچکے ہیں۔ظہیرعباس 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین تھے۔اظہرعلی نے ابوظبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔سری لنکا کے خلاف اظہرعلی کا ریکارڈ متاثر کن ہے اور انھوں نے اپنی 14 سنچریوں میں سے 5سری لنکا کے خلاف اسکور کی ہیں۔کپتان چندی مل 155 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 419 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی تھی۔سری لنکا کی پہلی اننگز میں کپتان چندی مل 155 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور آوٹ نہیں ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں کرونارتنے 93، ڈک ویلا 83 اور پریرا 33 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔چندی مل اور وکٹ کیپر بیٹسمین ڈک ویلا کے درمیان 134 رنز کی عمدہ شراکت ہوئی جس کے باعث سری لنکا بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہا۔آخری تینوں کھلاڑیوں کو محمد عباس کے آوٹ کیا جبکہ یاسر شاہ نے بھی 3، حسن علی نے 2 اور حارث سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سری لنکا کے اوپنر کرونارتنے رن آوٹ ہوئے تھے۔
 
 

شیئر: