Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹیم توقعات پر پورا نہیں اُتری‘، ہیڈ کوچ سرفراز احمد ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی سے مایوس

پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 90 رنز کی شکست کے بعد دوسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔
بدھ کو میچ کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز احمد نے کہا کہ ’ٹیم کی بیٹنگ کی کارکردگی مایوس کن رہی، خاص طور پر دوسری اننگز میں ٹیم ایک بار پھر توقعات پر پورا نہیں اتری اور یہی شکست کی بڑی وجہ بنی۔‘
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ’ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنی چاہیے تھی لیکن موقع ضائع کردیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’امام الحق اچھی بیٹنگ کر رہے تھے اگر وہ کچھ مزید صبر سے کھیلتے تو ٹیم بہتر پوزیشن میں آسکتی تھی۔‘
ہیڈ کوچ نے میچ کے تیسرے روز بولرز کی کارکردگی پر بھی مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’ویسٹ انڈیز کو آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت بنانے کا موقع نہیں دینا چاہیے تھا۔‘
انہوں نے پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹیم نے کنڈیشنز کو درست انداز میں دیکھا تھا۔‘
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ’سعود شکیل اور عبداللہ شفیق بدستور انتخاب کے لیے زیر غور ہیں تاہم حتمی فیصلہ میچ کی صورتحال اور وکٹ کو دیکھ کر کیا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ تاروبا کے برائن لارا اکیڈمی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔
بدھ کو 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 120 رنز پر سمٹ گئی۔
میچ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین فاسٹ بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹرز بالکل بے بس دکھائی دیے اور کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ان کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔ پاکستان کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے تھے۔

شیئر: