Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خدمت خلق سے قلبی سکون اور ترقی کی راہیں کھلتی ہیں ، عیسیٰ مصری

ترقی ہر ایک کو نصیب نہیں ہوتی،علی مصری،مسلمان زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں رہیں، سید علی محمود 
جدہ ( ابو انصاری )حیدرآباد دکن کے مشہور و معروف باڈی بلڈر عیسیٰ مصری کی جدہ آمد پر انکے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام محمود بن جعفر مصری کی جانب سے مقامی ہوٹل میں کیا گیا ۔تقریب میں جدہ کی معزز شخصیات نے شرکت کی ۔ داعی محفل محمود مصری نے کہا کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں عیسیٰ مصری نے باڈی بلڈنگ میں بے شمار خطابات ، ایوارڈ اور شیلڈزحاصل کئے ہیں۔ ان کا شمار صفحہ اول کے باڈی بلڈرز میں کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ وہ ایک نیک دل اور نیک صفت انسان ہیں ۔ لوگوں کے کام آنا ا ن کے خون میں شامل ہے ۔ خدمت خلق میں وہ پیش پیش رہتے ہیں ۔ 
ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ مسلمان کو زندگی کے ہر شعبہ میں خود کو نمایاں کرنا چاہئے ۔ ہمارا مقصد ملک و قوم کا نام روشن کرنا اور اپنی شہرت اور ترقی سے دوسروں کے کام آنا ہونا چاہئے ۔ ہم کبھی بھی اپنی شہرت کا غلط استعمال نہیں کرتے ۔اس کی زندہ مثال عیسیٰ مصری کی ہے جو دونوں ریاستوں میں باڈی بلڈنگ میں بے شمار ایوارڈ لینے کے باوجود ریاست کی ترقی اور فلاح وبہبودی کیلئے کام کررہے ہیں۔ ان پر کوئی بیڈریمارکس نہیں ہےں۔ سچے دل اور خلوص نیت سے ہم کسی کام کو کرنا چاہیں تو اللہ کی نصرت ہمارے ساتھ شامل ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے عیسیٰ مصری کو انکی ترقی پر مبارکباد دی ۔
انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کے اردو سیکشن کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ علی مصری نے کہا کہ ترقی ہر ایک کو نصیب نہیں ہوتی اور جس کو مل جائے وہ خود کو سادگی اور انکساری کو مجسمہ بنالے تو اللہ تعالیٰ دارین میں اس کے درجات بلند فرماتے ہیں۔دنیا میں وہ جوں جوں شہرت کی بلندی حاصل کرتا ہے لوگوں کے دلوں میں راج اور زبانوں سے دعاﺅں کا حقدار بن جاتا ہے ۔ عیسیٰ مصری سے لاکھوں لوگ ملے نہیں ہونگے لیکن وہ اِن لاکھوں ، کروڑوں لوگوں کے دعاﺅں میں ضرور ہیں ۔ انہوں نے عیسیٰ مصری کودلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی دعا ہے کہ یونہی آپ اور آپ کے صاحبزادگان ریاست اور قوم و ملت کا نام روشن کرتے رہیں ۔ 
ندیم عبدالباسط ، قدرت نواز بیگ ، اعجاز احمد خان اور محمد عبدالرزاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ آندھرا کیسری اور باڈی بلڈنگ میں مسلمانوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ عیسیٰ مصری کی کامیابی ہم سب کیلئے باعث مسرت ہے اور ہم توقع کرتے ہیںکہ ان کے دونوں صاحبزادے جو باڈی بلڈر ہیں وہ بھی اپنے والد کی طرح بے شمار شیلڈز اور ٹرافیاں حاصل کرکے ریاست ، ملک اور قوم کا نام روشن کریں گے ۔ 
عیسیٰ مصری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی میں کوئی ایوارڈ حاصل کرتا ہوںتو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا اور ہر بار قوم و ملت کی خدمت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ اگر میری وجہہ سے کسی کا فائدہ ہوتا ہے تو میں ہر وقت ان کی خدمت کیلئے تیار ہوں ۔ مجھے خدمت خلق کرتے ہوئے قلبی و ذہبی سکون میسر ہوتا ہے اور ترقی کی راہیں کھلتی ہیں ۔ آج میں جس پوزیشن پر ہوں وہ اللہ کا فضل اور ریاست وپوری قوم کی دعاﺅں کا نتیجہ ہے ۔
عیسیٰ مصری کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر انہوں نے محمود مصری اور ان کی تنظیم تلنگانہ این آر آئی فورم کا شکریہ ادا کیا ۔دریں اثناءانس مصری نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ محمد عبدالرزاق نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ 

شیئر: