Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ٹیسٹ : پاکستانی کھلاڑیوں کا کم بیک، فتح کی آخری کوشش

  دبئی: اسد شفیق اور کپتان سرفراز احمد کی 146 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن فتح کیلئے مزید 119 رنز درکار ہیں جبکہ سری لنکا کو 5وکٹیں درکار ہیں۔ پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 317 رنز کے تعاقب میں سمیع اسلم صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ابتدا ءمیں ہی وکٹ گرنے کے سبب قومی ٹیم دباوکا شکار ہو گئی۔ اظہر علی اور شان مسعود کی بیٹنگ میں اس کی واضح جھلک نظر آئی۔دونوں کھلاڑیوں نے حد سے زیادہ محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔ 20.2 اوورز میں صرف 31 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔حد سے زیادہ دفاعی انداز اپنانے کا نتیجہ جلد برآمد ہوا ۔ اظہر علی ایک دفاعی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔گزشتہ اننگز میں قومی ٹیم بیٹنگ لائن کی ذ مہ داری اٹھانے والے حارث سہیل بھی اس مرتبہ دباونہ جھیل سکے۔ صرف 10 رنز بنانے کے بعد پریرا کا نشانہ بنے۔شان مسعودپھر ناکامی سے دوچار ہوئے۔ 100 سے زائد گیندیں کھیلنے کے بعد 21 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی بنے۔ابھی ٹیم اس بھنور سے نکلی بھی نہ تھی کہ ایک گیند بعد ہی بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔52 رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز اور اسد شفیق نے ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کا بیڑا اٹھایا اور ذ مہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیزی کے ساتھ کھیلنا شروع کیا۔دونوں کھلاڑیوں کی شاندار بیٹنگ کے آگے سری لنکن بولرز بے بس نظر آئے ۔ سری لنکن کپتان دنیش چندیمل تمام تر کوشش کے باوجود آخری سیشن میں کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 5وکٹ کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے۔ دونوں کھلاڑی اب تک چھٹی وکٹ کیلئے 146 رنز کی شراکت قائم کر چکے ہیں۔ اسد شفیق86 اور سرفراز 57 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔ قبل ازیں دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز نے سری لنکن بیٹنگ لائن کو تباہ کرتے ہوئے کرتے 26 اوورز میں 96 رنز پر ڈھیر کردیا۔چوتھے دن سری لنکا نے 34 رنز 5 کھلاڑی آوٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو پوری ٹیم 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی، نیروشان ڈکویلا 21، کشال مینڈس 29، ر نگانا ہیرتھ 17 جبکہ دلروان پریرا بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔ انجری کا شکار محمد عامر کی غیر موجودگی میں وہاب ریاض نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں، حارث سہیل نے ایک ہی اوور میں 3 شکار کیے جبکہ یاسر شاہ 2وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ 
 
 

شیئر: