Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈ سی میوزیم میں تصویری نمائش، 31 دسمبر تک جاری رہے گی

نمائش میں جدہ اور ینبع کے بحری میناروں کی تصاویر بھی شامل ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
جدہ کے ریڈ سی میوزیم میں پہلی بار ارجنٹائن کی فنکارہ ’ماتیلیڈ مارین‘ کی تصویری نمائش ’ تصویر المسافات‘ (ڈسٹینس فوٹوگرافی) کا افتتاح کیا گیا۔ نمائش 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔
ایس پی اے کے مطابق نمائش میں فوٹوگرافی اور ویڈیو آرٹ کے ذریعے فنکارہ کے اس تخلیقی سفر کو پیش کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے دنیا کے مختلف جغرافیائی مقامات پر واقع بحری میناروں کو اپنے فن کا موضوع بنایا۔
نمائش میں پیش کی جانے والی تصاویر میں جدہ اور ینبع کے بحری مینار بھی شامل ہیں، جو بحری سفر کی تاریخ، انسانی یادداشت اور انسان کے اپنے ماحول سے تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔
نمائش کی بنیادی سوچ، فنکارہ کے اس منصوبے پر ہے، جس کا آغاز انہوں نے سال 2005 میں کیا تھا۔ منصوبے کے تحت دنیا کے مختلف حصوں میں موجود بحری میناروں کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔
فنکارہ ان میناروں کو رہنمائی، امید اور سمت کے تعین کی علامتوں کے طورپر پیش کرتی ہیں، جو اپنی تعمیراتی اور بحری اہمیت سے بڑھ کر فنی اور انسانی معنویت رکھتے ہیں۔

نمائش میں شعری محافل اور موسیقی کے پروگرامز بھی ہوں گے(فوٹو، ایس پی اے)

نمائش میں شامل فن پارے معاصر فن اور بحیرہ الاحمر کے بحری ورثے کے درمیان تعلق کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان میں سمندری سفرمیں میناروں کی اہمیت، ان سے وابستہ کہانیاں اور یادوں کے ساتھ بحیرہ الاحمر کی تاریخ کو اجاگر کیا گیا ہے جو صویوس سے آمد ورفت اور ثقافتی تبادلے کا اہم راستہ رہا ہے۔
نمائش کے دوران ثقافتی اور فنی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے ،جس میں فلمی نمائشیں، شعری و موسیقی کی محفلیں، تخلیقی ورکشاپش اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔
نمائش کا انعقاد سعودی میوزیمز اتھارٹی کی ان کاوشوں کا حصہ ہے جن کا مقصد مملکت کے ثقافتی و فنی منظرنامے کو فروغ دینا، عجائب گھروں کو ثقافتی تبادلے اور تخلیقی مکالمے کے مراکز کے طورپر مستحکم کرنا اور بین الاقوامی فن پاروں کے ذریعے عوام کو مختلف فنون سے متعارف کرانا ہے۔

شیئر: