Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان کے قومی دن، مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جشن

 پاکستانی ویلفیئر قونصل باسط مقصود عباسی،مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست ،اردونیوز اور ملیالم نیوز کے ایڈیٹر انچیف طارق مشخص، سابق نائب امین ڈپٹی میئر مہندس یحییٰ سیف صالح مہمان خصوصی تھے
یوسف بلوچ۔ مدینہ منورہ
مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک بڑے جشن کا انتظام کیا گیا جو آزادی پاکستان ، یوم دفاع پاکستان اور سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے تھا۔ اس تقریب میں سعودی معززین ، پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ تقریب مقامی  بڑے خوبصورت ہال میں منعقد کی گئی ۔ اس تقریب میں خصوصی طور پر خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب 2حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلا حصہ  یوم آزادی پاکستان ، یوم دفاع پاکستان اور سعودی عرب کے قومی دن پر مشتمل تھا جبکہ دوسرے حصے میں مائی کیئر اینڈ ہالہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے کامیاب کھلاڑیوں کو انعامات اورفاتح ٹیم کے کپتان کو وننگ ٹرافی سے نوازا گیا۔
یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے پاکستانی قونصلیٹ کے   ویلفیئر قونصل باسط مقصود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جو جدہ سے بطور خاص آئے تھے۔ یوم دفاع کے حوالے سے مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست ،اردونیوز اور ملیالم نیوز کے ایڈیٹر انچیف طارق مشخص مہمان خصوصی تھے جبکہ یوم الوطنی سعودی عربیہ کے لئے سابق نائب امین ڈپٹی میئر مہندس یحییٰ سیف صالح مہمان خصوصی کی نشست پر براجمان تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت  عبداللہ  نے حاصل کی ۔اس کے بعد سعودی عرب کے پرچم سے مزین کیک کاٹا گیا اور سعودی عرب کا قومی ترانہ بجایا گیا جسے تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر احترام سے سنا اور ہمنوا بھی ہوئے۔مہمانان گرامی کو بچوں نے خوش آمدید کہا اور گلدستے پیش کئے۔ سعودی عرب کے قومی ترانے کے اختتام کے بعد  پاکستانی پرچم سے سجا ہوا کیک معزز مہمانوں نے مل کر کاٹا جس کے بعد پاکستانی بچوں نے منظم اور یک زبان ہو کر پاکستانی ترانہ  پڑھا۔ حاضرین نے بھی کھڑے ہو کر بچوں کی آواز کے ساتھ آواز ملائی۔ 
ڈاکٹر انصرام علی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے  پاکستان اور سعودی عرب کے لئے دعا کی۔
سب سے پہلے یوم  دفاع پاکستان کے حوالے سے مہمان خصوصی اور مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست طارق مشخص کو خطاب کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے اپنے مخصوص انداز میں  حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے  کہا کہ اس تقریب میں حاضرین کی تعداد سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ پاکستانی زندہ قوم ہیں اور اپنے ملک سے بے انتہا محبت کرتے ہیں۔انہوں  نے اس سلسلے میں مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ صرف مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور اس کے بانی سید زاہد علی کا ہی خاصہ ہے انہو ںنے اپنے مدعو کئے جانے او رعزت افزائی  پرشکریہ ادا کیا۔ 
انجینیئر یحییٰ سیف صالح نے بھی تقریب  سے خطاب کیا اور اس بات  کا اعتراف کیا  کہ تمام  پاکستانی ،سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہوئے ہماری  خوشی میں شریک رہتے ہیں۔ یحییٰ سیف کی وجہ سے مدینہ منورہ میں باقاعدہ کرکٹ کا آغاز ہوا۔ انہوں نے ابتدائی دنوں میں نہ  صرف گرائونڈ کے لئے زمین مہیا کی بلکہ میچوں کے انعقاد کے لئے حوصلہ افزائی بھی کی اور مستقبل میںبھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے مہمان خصوصی پاکستان قونصلیٹ ،جدہ کے  ویلفیئر قونصل باسط مقصود عباسی سے خطاب کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے اپنی گفتگو کا آغاز اللہ رب العزت کے پاک نام سے کیا۔ انہوں نے خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی تعریف کی اور کہا کہ وہ  بہت جگہوں پر تقریب میں شرکت کے لئے جاتے ہیں مگر یہاں کا انداز منفرد اور متاثرکن ہے۔ مہمان خصوصی نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان استوار تعلقات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ  قونصلیٹ  ، پاکبانوں کی خدمت کے لئے ہمہ تن گوش ہے۔ انہوں نے سید زاہد علی کو کرکٹ کے  مزید فروغ کے لئے  بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
ڈاکٹر مجاہد نے مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔  ڈاکٹر مرزا منور بیگ نے جو شاعر ہیں، خوبصورت نعت رسول مقبول پیش کی۔ معروف شاعر او رانجینیئرزاہد امین نے بھی نعت شریف او رغزل سنا کر تقریب کو یادگار بنا دیا ۔ 
مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے بانی اور چیف ایگزیکٹو سید زاہد علی  نے جو تقریب کی نظامت بھی کر رہے تھے ، مہمان خصوصی باسط عباسی سے درخواست کی کہ وہ طارق مشخص اور یحییٰ سیف کو مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے۔۔۔۔۔۔۔۔ پیش کریں۔ انہوں نے اس کام کوبخوشی انجام دیا۔ اسی طرح یحییٰ   سیف  اور طارق مشخص نے مشترکہ طور پر ایم سی اے کی نیابت کرتے ہوئے یوم آزادی پاکستان کے مہمان خصوصی کو سوینیئر پیش کیا۔ سعودی معززین میں سے  عامر طرشون او ر علی نے بھی خطاب کیا اور مہمانوں میں تحائف پیش کئے۔ 
آخر میں تمام تینوں مہمانان  خصوصی نے مشترکہ طور پر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد میں سوینیئر تقسیم کئے جن کی تفصیل اس طرح ہے۔
مدینہ منورہ کرکٹ پائنیئر:
محمد ایاز، محمد شعیب بیگ، سمیع خان، محمد متین، انجینیئر خالد مسعود، انجینیئر محمد اقبال
بہترین جرنلزم:
جہانزیب منہاس۔
شاہد نعیم۔
کمیونٹی کی خدمات کے لئے :
محمد اشرف
لائف اچیومنٹ ایوارڈ:
حشمت قاضی، سید زاہد علی۔
اسپورٹنگ ایوارڈ ایم سی اے:
بکر احمد زیدان،صابر سردار،مدثر سعید ،محمد شہزاد ،محمد بوٹا ،عمر رشید ،صفدر اعوان،افضل عباس
لیڈرشپ ایوارڈ:
 افتخار علی اشرف صدر مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن۔ 
تقریب کے دوسرے مرحلے کا آغاز مائی کیئر اینڈ ہالہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہوا۔ اس تقریب کے مہمان  خصوصی سمیر نضال خان تھے جو اپنی والدہ کی ناسازی طبع کی وجہ سے نہ  آسکے۔ ان کی نیابت طارق مشخص نے کی۔مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر افتخار علی اشرف نے مائی کیئر اینڈ ہالہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے بارے میں حاضرین کو تفصیل سے آگاہ کیا جو  2016ء میں کھیلا گیا تھا اور اس  ٹورنامنٹ میں 14ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ مدینہ ڈائمنڈ اس ٹورنامنٹ کی فاتح رہی جبکہ سعودی اوجر رنر اپ رہی۔ یادرہے کہ اس ٹورنامنٹ کی چیمپیئن ٹرافی کی رونمائی پاکستان کے مشہور کھلاڑی شاہد خان آفریدی نے مدینہ منورہ کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کی تھی اوروہ بطور خاص پاکستان سے آ ئے تھے۔ تمام معزز مہمانوں نے مشترکہ طور پر کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور میڈلز تقسیم کئے  جن کی تفصیل یوں ہے: 
ٹی وی سیٹ ، بیسٹ بولر آف دی  ٹورنامنٹ، مدینہ ڈائمنڈ کرکٹ کلب، امام فیصل۔
ٹی وی سیٹ، بیسٹ بیٹسمین آف دی  ٹورنامنٹ مدینہ ڈائمنڈ محمد جہانزیب۔
ٹی وی سیٹ، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ مدینہ ڈائمنڈ کاشف کیانی ۔
مین آف دی فائنل مدینہ ڈائمنڈ محمد جہانزیب۔
ونر ٹیم مدینہ ڈائمنڈز کے تمام کھلاڑیوں کو میڈلز۔
رنر اپ ٹیم سعودی اوجر کے تمام کھلاڑیوں کو میڈلز۔
رنر اپ ٹیم کے کپتان اظہر محمود کو نقد انعام دیا گیا۔ فاتح ٹیم کے کپتان محمد جہانزیب نے وننگ ٹرافی اور نقد انعام وصول کیا۔ امپائرز اور خدمات کے ذمہ داران  کے لئے بھی میڈلز دیئے گئے۔ 
 
 
 

شیئر: