ریاض میں پاکستانی ثقافت اور ورثے کا جشن جاری، ہزاروں افراد کی شرکت
مخصوص روایتی رقص اور ملبوسات کے علاوہ مقبول پکوان بھی موجود تھے(فوٹو: ایس پی اے)
’گلوبل ہارمنی ٹُو‘ انشیٹیو کے تحت سعودی وزارت اطلاعات نے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر پاکستان کی ثقافت کو توجہ کا محور بنایا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایونٹ کے دوسرے دن ثقافتی ماحول اور لوک پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کے لیے ہزاروں وزیٹرز کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
مختلف ثقافتوں کا اجاگر کیا گیا، مخصوص روایتی رقص اور ملبوسات کے علاوہ مقبول پکوان بھی موجود تھے جو پاکستان کے متنوع اور بھر پور ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔
السویدی پارک کے مرکزی سٹیج پر پاکستانی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس دورن زبردست ٹرن آوٹ دیکھا گیا۔ مختلف قومیتوں کے افراد اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھے۔
ایونٹ میں بچوں کی سرگرمیوں کے علاوہ سرکس اور انٹرایکٹیو سرگرمیاں شامل تھی تاکہ تمام گروپوں کے لیے خوشگوار ثقافتی تجربے کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر پاکستانیوں نے ایونٹ کے انعقاد پر مملکت کا شکریہ ادا کیا جس نے گھر کی یادیں تازہ کیں اور انہیں اپنی مادری ثقافت سے قریب ہونے کا احساس دلایا۔ اس ایونٹ نے انہیں دنیا کو اپنی ثقافت سے متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا۔
اس انیشیٹیو کا مقصد مملکت میں موجود رہائشیوں کی شمولیت کو بڑھانا اور سعودی عرب کا ثقافتی تنوع کو اختیار کرنا ہے جس کے تحت کئی طرح کی سرگرمیاں اور ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔
وزارت نے پاکستانی کمیونٹی اور مملکت میں تمام قومیتوں کے رہائشیوں کو دعوت دی کہ وہ اس ایونٹ پر آئیں۔

اس سے ثقافتی تبادلے کو فروغ ملے گا اور دنیا بھر کی کمیونٹیوں اور ثقافتی تخلیقات کو سامنے لانے میں مملکت کے مرکزی کردار کی اہمیت بھی اجاگر ہوگی۔
’گلوبل ہارمنی ٹُو‘ کے تحت 14 ثقافتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے، جن کی نمائندگی مملکت میں رہنے والی کمیونٹیاں کر رہی ہیں۔
اس سلسلے میں مملکت میں روزانہ کی بنیاد پر شوز منعقد کیے جا رہے ہیں اور ایسے پروگرام ہو رہے ہیں جن میں یہاں کے رہائش پذیر لوگوں کی زندگیوں اور سعودی معاشرے میں ان کے گھل مل جانے کو لوگوں کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
