شہر کے ہنگاموں سے دور سرد راتوں میں ’بون فائر‘، سعودی صحرائی علاقے کیمپنگ سائٹس میں تبدیل
سعودی عرب میں ان دنوں موسم سرما کے حوالے سے سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ صحرائی علاقے کیمپنگ سائٹس میں تبدیل ہوگئے۔
مختلف علاقوں میں سرمائی کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں فطری نظاروں کے شوقین موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت کے صحرائی اور میدانی علاقوں میں کیمپنگ کے لیے مخصوص مقامات پر لوگ بڑی تعداد میں شہری ہنگاموں سے دور موسم سرما کی سرد راتوں میں ’بون فائر‘ کا لطف اٹھانے کے لیے ان کیمپوں کا رخ کررہے ہیں۔
کمپنگ کے لیے جہاں روایتی خیموں کا انتظام کیا گیا ہے وہاں جدید ’کاررواں‘ بھی موجود ہیں جن میں عصرِ حاضر کی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

قومی مرکز برائے جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ مرکز کے زیرِ کنٹرول محفوظ جنگلات میں رواں سیزن 2025 اور 2026 کے دوران لائیو نیچر ’فطری زندگی‘ کے عنوان سے کیمپنگ سیزن کیا گیا ہے جس کا مقصد سیاحت کا فروغ ہے۔
کیمپنگ پروگرام کے تحت سیاحوں اور تفریح کے شوقین افراد کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتے ہوئے تمام سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
قومی مرکز کے زیرِ کنٹرول مختلف ریزروز ہیں جن میں ’الوعول، ریدہ، الامام سعود بن عبدالعزیز، جزرفرسان، نفود العریق اور محمیہ بنی معارض شامل ہے۔

مرکز کا کہنا ہے کیمپنگ کے شوقین افراد ’فطری‘ پلیٹ فارم سے این او سی حاصل کر سکتے ہیں۔
مرکز کی جانب سے ان علاقوں کے بارے میں تمام تفصیلات مہیا کی گئی ہیں جنہیں کیمپنگ کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔
