Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینک اے ٹی ایم لوٹنے کی کوشش کرنےوالا قبل ا ز وقت گرفتار

 جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پولیس نے بینک اے ٹی ایم میں واردات کرنے سے قبل ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان نے اردونیوز کو بتایا کہ جدہ میں گشت پر مامور پولیس پارٹی نے ایک مشکوک شخص کو روکنے کی کوشش کی مگر وہ رکنے کے بجائے گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہونے لگا جس پر اہلکاروں نے اس کا تعاقب کر کے اسے رکنے پر مجبو ر کیا ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کی گاڑی کی تلاشی لینے پر اس میں سے مخصوص آلات برآمد ہوئے جو بینک ڈکیتی میں استعمال کئے جاسکتے تھے ۔ ملزم نے دوران تفتیش اقرار کیا کہ وہ اے ٹی ایم سے رقم چرانے کی کوشش کر نے کا ارادہ رکھتا تھا جس کےلئے مناسب وقت کا منتظر تھا ۔ پولیس پارٹی کو اپنی جانب آتا دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکا ۔ ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد اسے تحقیقاتی ادارے کی تحویل میں دیا جائے گا ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ مملکت میں امن عامہ کو برقراررکھنے اور شہریوں و مقیمین کی جان ومال کی حفاظت کےلئے ہر ممکن اقدامات کرتی ہے ۔ جو بھی معاشرے کے امن سے کھیلنے کی کوشش کرے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاتا ہے تاکہ پر امن لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ 

شیئر: