Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ میں ہمارا بڑا بھائی ہے،صدرسری لنکن کرکٹ بورڈ

 
لاہور: سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے کہا ہے کہ پاکستان کو سپورٹ کرنے اور یہ بتانے کیلئے آئے ہیں کہ یہاں سیکیورٹی کی صورتحال سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ لاہور میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے کہا کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی، ہمشائقین کیلئے آئے ہیں اور دوبارہ بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا ایک بہت بڑا ملک ہے، اسے نظر انداز نہیں کر سکتے۔ پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے، یہاں باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔ کرکٹ میں پاکستان ہمارا بڑا بھائی ہے۔ سماتھی پالا نے کہا کہ سری لنکا نے 1996 ء میں ورلڈ کپ یہیں جیتا تھا۔کوئی ہارتا ہے اور کوئی جیتتا ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بھائیوں کی طرح برقرار رہتے ہیں۔یہ بھائی چارہ قائم رہنا چاہیے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ آج تاریخی موقع ہے۔ سماتھی پالا کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 9 سال پہلے جو سانحہ ہوا اسے بھلا دینا چاہیے۔ دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ اور دیگر کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اگلے سال اپریل میں ایشیا کپ ایمرجنگ پلیئرز کا پاکستان میں انعقاد کیا جائے گا جس میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہند کی ٹیمیں شریک ہوں گی جبکہ چھٹی ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ راونڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔ میچز ایک سے زیادہ گراونڈز پر ہوں گے۔
 

شیئر: