ایران میں ایک صحافی گرفتار اور دوسرے کو قید کی سزا، پانچ صحافتی ادارے بند
ایران میں ایک صحافی گرفتار اور دوسرے کو قید کی سزا، پانچ صحافتی ادارے بند
جمعہ 27 نومبر 2026 14:45
مہدی محمودیان ماضی میں بھی اپنی صحافتی سرگرمیوں کے باعث متعدد بار جیل جا چکے ہیں (فوٹو: سی بی ایس)
ایرانی حکام نے ایک ایسے صحافی کو گرفتار کر لیا ہے جس نے دو قیدیوں کی متوقع پھانسیوں کے بارے میں رپورٹنگ کی تھی، جبکہ ایک دوسرے صحافی کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور پانچ مقامی نیوز اداروں کی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فری لانس صحافی مہدی محمودیان کو بدھ کو تہران میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے ایک روز قبل میلاد آرمون اور نوید نجاران کی مجوزہ پھانسیوں کے بارے میں خبر دی تھی، جو 2022 کے ملک گیر احتجاجی مظاہروں سے منسلک اکباتان کیس کے ملزمان ہیں۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے محمودیان کے گھر کی تلاشی لی اور ان کے الیکٹرانک آلات ضبط کر لیے۔ بعد ازاں انہوں نے اہل خانہ سے مختصر فون کال میں بتایا کہ انہیں گریٹر تہران جیل منتقل کر دیا گیا ہے اور گرفتاری کے دوران سکیورٹی فورسز نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کے جسم پر واضح زخم آئے۔
مہدی محمودیان ماضی میں بھی اپنی صحافتی سرگرمیوں کے باعث متعدد بار جیل جا چکے ہیں۔ انہیں رواں سال 31 جنوری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا اور 17 فروری کو رہا کیا گیا تھا۔
ایک الگ مقدمے میں کرمانشاہ کی انقلابی عدالت نے فری لانس صحافی علی پوردراب کو ’ریاست کے خلاف پروپیگنڈا‘ کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ان پر دو سال کے لیے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ صحافت سے بھی دو سال کے لیے روک دیا ہے۔
دوسری جانب صوبہ ایلام کے پانچ مقامی نیوز اداروں ایلامیان، دنیائے ایلام، اخبارِ ناب، ایلام بان اور مطالعہ گراں کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی 14 نومبر کو پیش آنے والے ایک بس حادثے کی کوریج کے بعد کی گئی، جس میں 13 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے تھے۔
ایلام بان کے منیجنگ ایڈیٹر سجاد سیدی کے مطابق سائبر پولیس نے زبانی طور پر پراسیکیوٹر کے حکم سے آگاہ کیا اور اداروں کو اپنی بندش کا اعلان کرنے کی ہدایت دی۔ صوبائی عدلیہ کا کہنا ہے کہ بعض میڈیا اہلکاروں کے خلاف مبینہ جھوٹی اور اشتعال انگیز رپورٹنگ اور حکومت مخالف ذرائع ابلاغ کو مواد فراہم کرنے کے الزامات پر فوجداری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی علاقائی ڈائریکٹر سارہ قدح نے کہا کہ مہدی محمودیان کی گرفتاری، علی پوردراب کو سزا اور پانچ نیوز اداروں کی بندش ایرانی صحافیوں کے لیے ایک خوفناک پیغام ہے کہ عوامی مفاد کے معاملات پر رپورٹنگ انہیں آزادی اور روزگار سے محروم کر سکتی ہے۔
اسی ہفتے سی پی جے اور گیٹی امیجز نے فوٹو جرنلسٹ مجید سعیدی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافت کے خلاف کارروائیاں بند کریں، مہدی محمودیان کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کریں، علی پوردراب کی سزا اور پیشہ ورانہ پابندی ختم کریں اور معطل شدہ نیوز اداروں کو بلا خوف و خطر دوبارہ کام کرنے کی اجازت دیں۔
سی پی جے کے مطابق یہ اقدامات ایران میں میڈیا کے خلاف بڑھتے ہوئے کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جس میں طویل قیدی سزائیں، پیشہ ورانہ پابندیاں اور عدالتی ہراسانی شامل ہیں۔ گزشتہ اکتوبر میں ایرانی عدالتوں نے فوٹو جرنلسٹ آرٹین غضنفری کو 26 سال جبکہ صحافی امید فراغت کو 10 سال اور ایک دن قید کی سزا سنائی تھی۔
اسی ہفتے سی پی جے اور گیٹی امیجز نے فوٹو جرنلسٹ مجید سعیدی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا، جو 9 ستمبر سے زیر حراست ہیں جبکہ ان کی موجودہ صورتحال اور الزامات کے بارے میں کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی۔