Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آباءو اجداد نے ”ہڈیوں“پر گزارہ کر کے وطن کا سر بلند کیا،سلطان بن سلمان

ریاض ..... محکمہ سیاحت و قومی آثار کے سربراہ اعلیٰ شہزادہ سلطان بن سلمان نے سعودی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کے سامنے انتہائی فخریہ انداز میں کہا کہ سعودی عرب 300برس سے زیادہ عرصے سے کارنامے انجام دے رہا ہے۔ سعودی شہری آباءو اجداد کے زمانے سے وطن عزیز کی تعمیر اور حفاظت کے لئے کوشاں ہیں۔ ہمارے آباءواجداد نے ہڈیوں پر گزارا کیا ، زندگی کی صعوبتوں کو جھیلا اور عظیم وطن ہمارے حوالے کیا۔ پوری دنیا اسے انتہائی احترام اور قدرو منزلت کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔ شہزادہ سلطان نے آثار قدیمہ کے پہلے فورم کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ اس کی سرگرمیاں آئندہ ہفتے شروع ہوں گی۔ 30ممالک کے عالمی ماہرین شرکت کریں گے۔ خادمین حرمین شریفین اس کی سرپرستی فرمائیں گے۔ شہزادہ سلطان نے حلفیہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں نے جب بھی کسی شہری سے کسی معاملے میں مشورہ لیا یا رائے طلب کی تب تب مجھے غیر ملکی کمپنیوں اور دسیوں مشیروں سے کہیں زیادہ بہتر رائے سننے کو ملی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مستقبل کی طرف دیکھا۔ ہم اور ہمارے عوام ہمیشہ مستقبل کو سامنے رکھ کر زندگی گزارتے رہے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ یہ کہنا کہ ہم پیداواری قوم نہیں اور یہ کہنا کہ ہماری تاریخ نئی ہے، بالکل غلط ہے۔ ہمارے آباءواجداد سربلند مضبوط وطن کے بانی ہیں۔ نئی نسل اپنے بزرگوں کی تاریخ کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا یہ کہنا کہ ہم ایسی قوم ہیں جسے اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین کی خدمت کا اعزاز بخشا ہے ، پوری دنیا کیلئے بڑا پیغام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پٹرول کے تاجروں یا اونٹ دوڑانے والوں کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ہم تیل نکلنے سے سیکڑوں برس پہلے سے کاروبار میں نام پیدا کئے ہوئے ہیں۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے قبل عرب موسم سرما اور موسم گرما میں تجارتی کارواں لیجایا کرتے تھے۔ تجارتی شاہراہوں کو محفوظ کئے ہوئے تھے۔ اسلام کی آمد کے بعد اس مبارک سرزمین نے ایسا عظیم الشان مشن دیا جس کی نظیر بنی نوع انسان کی تاریخ میں کبھی اور کہیں نہیں ملتی۔ ہمارے لئے سب سے بڑا فخر یہ ہے کہ ہم حرمین شریفین کی سرزمین کے شہری ہیں۔ ہمیں مقامات مقدسہ کی خدمت کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے اپنا بیان ختم کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی مقامات کی کھدائیاں کرتے وقت ہم جو پتھر بھی اٹھاتے ہیں اس سے اس سچائی کی تائید و تصدیق ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری مذہب اسلام کیلئے ارض الجزیرہ کا انتخاب بجا طور پر کیا تھا۔ محکمہ سیاحت اب تک بہت سارے تاریخی مقامات کا پتہ لگا چکا ہے۔ مملکت میں ایک انگلی دریافت ہوئی ہے جس کی تاریخ 90ہزار برس پرانی ہے۔

شیئر: