سعودی ولی عہد سے ترک صدر کی ملاقات، ’تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں‘
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے منگل کو ریاض میں ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ترکیہ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ترکیہ کے صدارتی دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اردوغان نے کہا کہ ترکیہ توانائی کے متبادل ذرائع اور دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔
رجب طیب اردوغان نے سعودی ولی عہد سے یہ بھی کہا کہ ترکیہ شام میں استحکام کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر شام کی تعمیرِ نو پر کام کرے گا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ریاض کے قصر الیمامہ میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کا خیرمقدم کیا جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت ہوئی۔
ترک صدر کا پہلے استقبال ریاض ریجن کے نائب گورنر، شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا۔
صر الیمامہ پہنچنے پر ترکیہ کے صدر کے لیے سرکاری استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد اور ترکیہ کے صدر نے باضابطہ ملاقات کی۔
