اسلام آباد... سابق وزیر اعظم نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن صفدر جمعہ کو نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ ریفرنسزیکجا کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی نہ ملنے پرسماعت7 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے گواہوں کی طلبی کے سمن بھی معطل کرد ئیے۔ فلیگ شپ اور العزیزیہ ریفرنسزمیں نوازشریف کے ضمانتی مچلکے جمع کرا د ئیے گئے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے تک دلائل نہیں سن سکتے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب ریفرنس کو یکجا کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ احتساب عدالت کو دوبارہ سماعت کے بعد تفصیلی فیصلہ دینے کا حکم دیا تھا۔نواز شریف کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کرتے ہوئے پہلے تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواستوں کو نمٹایا جائے۔نواز شریف کی احتساب عدالت میں تیسری پیشی تھی۔ رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عدالت کے باہرنوازشریف کے حق میں بینرزآویزاں تھے۔اس موقع پر سییکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔