Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے انتخابات کے التوا کا خدشہ برقرار

اسلام آباد...اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں کے لئے آئینی ترمیم کے معاملے پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ اجلاس کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا۔ بدھ کو پارلیمانی رہنماوںکے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں ایاز صادق نے کہا کہ تمام پارلیمانی لیڈروں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ انتخابات تاخیر کا شکار نہ ہوں۔یہ اتفاق رائے بھی ہے کہ1998 کی مردم شماری کے مطابق انتخابات میںقانونی پیچیدگیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل لے جانا چاہتی ہے، کچھ ارکان کی رائے ہے کہ پارلیمنٹ زیادہ بالادست فورم ہے، حکومت اب اتفاق رائے پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی رائے ہے کہ پرانی مردم شماری پر انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود نے کہا ہے کہ لگتا ہے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور نہیں ہوں گے۔ کورم کا بھی مسئلہ ہے،ترمیم کا مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آرہا۔اجلاس میں شاہ محمود ، شیخ رشید، صاحبزادہ طارق اللہ، شیخ صلاح الدین، ایس اقبال قادری، اعجازالحق، نعیمہ کشور، روبینہ خالد، طارق بشیر چیمہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ ووٹرز لسٹیں اپ ڈیٹ ہونا ووٹرزکا حق ہے ۔ مردم شماری کے بعد انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہونا آئینی ضرورت ہے۔ انتخابات 2018 نئی ووٹرلسٹوں اور نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہونے چا ہئیں۔ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق حکومت 10 نومبرتک فیصلہ کرلے۔ 
 

شیئر: