Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی نیوی نے رائل سعودی نیول فورسز سے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی کمان سنبھال لی

پاکستانی بحریہ نے 14ویں بار کثیرالقومی کمبائنڈ ٹائم ٹاسک فورس (CTF-150) کی کمان سنبھال لی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب بحرین میں واقع کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ پاکستانی بحریہ کے کموڈور محمد یاسر طاہر نے رائل سعودی نیول فورسز کے کموڈور فہد ایس الجوید سے کمان لی۔
 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، نئے کمانڈر CTF-150 کموڈور محمد یاسر طاہر نے زور دیا کہ ان کی ٹیم خطے میں بحری تحفظ اور استحکام کے لیے اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے اور اہم سمندری گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی بحریہ کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔ 
 کمبائنڈ ٹاسک فورس کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت کام کرنے والی پانچ ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے۔ اس کا مشن بحر ہند، بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں ہتھیاروں، منشیات اور دیگر غیر قانونی سامان کی سمگلنگ میں ملوث غیر ریاستی عناصر کو روکنا  ہے۔
رائل سعودی نیول فورسز کی کمان کے دوران سی ٹی ایف 150 کے تحت پاکستانی بحریہ کے جہازوں کی جانب سے انسداد منشیات کے کامیاب آپریشنز مشترکہ بحری کوششوں کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے عزم اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کمان کی تبدیلی کی تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل کرٹ اے رینشا، کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی اور کمبائنڈ ٹاسک فورسز  کے ساتھ کام کرنے والی دیگر بحری افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔

شیئر: