Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سے سفیر پاکستان کی ملاقات

 پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں سعودی وفد کے قائد القصبی ہوں گے
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے پیر کی صبح سعودی وزیرتجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ ڈاکٹر القصبی کے اگلے ہفتے ہونے والے پاکستانی دورے کے تناظر میں خان ہشام بن صدیق نے انہیں اپنے رہنماﺅں کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور ان تیاریوں سے آگاہ کیا جو پاکستانی حکومت ان کے وفد کے اسلام آباد میں استقبال کے لئے کر رہی ہے۔ خان ہشام نے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت لانے میں گہری دلچسپی لینے پر خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے لئے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے 28نومبر سے 30نومبر تک اسلام آباد میں ہونے والے پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے لئے کی جانے والی تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔ سفیر پاکستان نے ڈاکٹر القصبی کی اس رائے سے بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے لئے ضروری ہے کہ وہ نہ صرف موجودہ روابط میں گہرائی پیدا کریں بلکہ باہمی تعاون کے لئے نئے اور ٹھوس میدان بھی دریافت کریں۔ پاکستانی وفد کی سربراہی ان کے پاکستانی ہم منصب کریں گے ۔ اجلاس میں پاک سعودی تعلقات کو ہر میدان میں مزید وسعت دینے پر مذاکرات ہونگے۔

شیئر: