Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادیوں اور پہاڑی دروں سے گزرتی الباحہ شاہراہ ’انجینیئرنگ کا شاہکار‘

سعودی عرب میں الباحہ شاہراہ بلند و بالا پہاڑوں کے درمیان وادیوں اور گھاٹیوں سے بل کھاتی اور پہاڑی دروں سے گزرتی ہے۔
یہ محض شہروں کو جوڑنے والی سڑک نہیں بلکہ انجینیئرنگ کا شاہکار ہے جس کی تعمیر میں سلامتی کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر وزارتِ ٹرانسپورٹ و لاجسٹک خدمات انجینیئر مسفر المالکی نے بتایا کہ ’الباحہ کی پہاڑی گزرگاہ کو اس انداز میں تعمیر کیا گیا کہ نہ صرف علاقے کی خوبصورتی بڑھے بلکہ یہاں سے گزرنے والے قدرت کے نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوں۔‘
یہ شاہراہ تقریباً 46 کلومیٹر طویل ہے جس میں 25 سرنگیں اور 52 پل ہیں۔ شاہراہ کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی گزرگاہوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

انجینیئر مسفر المالکی کا کہنا تھا کہ ’الباحہ پہاڑی درے کی دیکھ بھال اور مینٹیننس کا کام مستقل بنیادوں پر جاری رہتا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالات سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔‘
شاہراہ کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کے لیے ایک سینٹر قائم ہے جس کا مختلف حکومتی اداروں سے رابطہ رہتا ہے۔ ان میں سعودی ہلال الاحمر، شہری دفاع اور ٹریفک پولیس وغیرہ شامل ہیں۔

 

شیئر: