سبزہ زاروں کی حفاظت، العُلا میں ’ڈیون بیشنگ‘ پر دو ہزار ریال تک جرمانہ
جمعرات 15 جنوری 2026 0:02
رائل کمیشن برائے العُلا نے ریت کے ٹیلوں پر گاڑیاں چلانے اور سبزہ زاروں میں نقصان دہ ڈرائیونگ پر جرمانے متعارف کروائے ہیں جس کا مقصد ماحول کا تحفظ اور گورنریٹ میں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کمیشن نے کہا ہے کہ گاڑیوں سے نباتات کو نقصان پہنچانا ممنوع ہے اور خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات العلا کے ماحولیاتی نظام کے لیے خطرہ ہیں۔
عبدالرحمٰن الطریری جو کمیشن کے ترجمان ہیں، نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پائیدار فطری نظام کے فروغ کے لیے ریت کے ٹیلوں پر گاڑیاں چڑھانے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’آپ کی سلامتی کے پیشِ نظر اور العُلا کے قدرتی اور ثقافتی ماحول کے تحفظ کے لیے ہم سرسبز علاقوں میں ’ڈیون بیشنگ‘ سے گریز کے لیے آپ کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ اس سے خطرات میں کمی آتی ہے، ماحولیاتی توازن محفوظ رہتا ہے اور جنگلی حیات اور قدرتی مسکن کا تحفظ ممکن ہوتا ہے۔‘
نئے ضوابط کے تحت پہلی خلاف ورزی پر پانچ سو سعودی ریال (133 ڈالر)، دوسری خلاف ورزی پر ایک ہزار سعودی ریال اور تیسری خلاف ورزی پر دو ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یہ اقدامات ماحول کو نقصان پہنچانے والے رویوں کی روک تھام اور العُلا کے قدرتی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔
کمیشن نے اس بات پر زور دیا کہ سرسبز زمینیں العلا کے قیمتی ترین وسائل میں شمار ہوتی ہیں جو مٹی کے تحفظ، زمین کے خشک اور بنجر ہونے پر قابو پانے اور حیاتیاتی تنوع کی حمایت میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

بغیر اجازت یا لاپرواہ سرگرمیاں جن میں ڈیون بیشنگ بھی شامل ہے، ان وسائل کو نقصان پہنچاتی ہیں اور ان کی طویل مدتی پائیداری کے لیے خطرہ بن جاتی ہیں۔
ماحولیاتی توازن کا تحفظ العلا سسٹینیبیلٹی چارٹر کا ایک اہم ستون ہے جس کا مقصد تاریخی مقامات اور قدرتی ماحول کا تحفظ کرنا ہے۔
کمیشن نے مقامی افراد اور سیر کے لیے آنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ کیمپنگ مقامات استعمال کریں، ماحولیاتی قوانین پر عمل کریں اور نباتات کے تحفظ میں مدد کریں، اور زور دیا کہ ماحول کی حفاظت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جو سعودی عرب کے پائیداری کے اہداف اور وژن 2030 کے مطابق ہے۔