سعودی عرب: اللیث کے جزائر میں ڈولفنز کی اٹکھیلیاں، سیاح محظوظ
جمعرات 15 جنوری 2026 0:05
سعودی عرب کی اللیث کمشنری کے جزائر میں گزشتہ دنوں اس وقت حیرت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے جب ساحل اور آبی گزر گاہوں پر ڈولفن کے غول نظر آئے۔
ان مناظر نے ماحولیاتی سیاحت کے حوالے سے ایک امید افزا مقام کے طور پر اللیث کمشنری کو نماياں کيا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سمندر کی سطح پر ڈولفنز کی موجودگی کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے ساحل کا رخ کیا۔
ڈولفنز ایک ساتھ گھومتی اور اٹکھیلیاں کرتی نظر آئیں جیسے وہ وہاں آنے والوں کا خیرمقدم کر رہی ہوں۔
یہ یاد گار اور دلکش مناظر کیمرے میں قید کرکے شیئر کیے گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ’بڑی تعداد میں ڈولفن کی آمد اس بات کی علامت ہے کہ یہاں کا صحت مند سمندری ماحول ان کے لیے مناسب ہے۔ اس سے سیاحت کے نئے مواقع کھلیں گے اور معيشت کو فروغ ملے گا۔‘
یہ جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینے کے لیے جاری کوششوں کی کامیابی بھی ہے جو سعودی وژن کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

سمندری ماحول کی بہتری اور ڈولفنز کے اس طرح سطح آب پر آنے سے ماحولیاتی سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا۔
یاد رہے اس سے قبل جزائر فرسان کے ارد گرد پانیوں میں پانچ سے زیادہ اقسام کی ڈولفنز دیکھی گئی تھیں۔
