Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشز سیریز: برزبن ٹیسٹ میںانگلینڈ نے196/4رنز بنا لئے

برزبن:ایشزسیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر196رنز بنا لئے۔ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل قبل از وقت ختم کیا گیا تو معین علی 13اور ڈیوڈ ملان28رنز پر کھیل رہے تھے۔بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے اور خراب روشنی کے باعث جلد ختم ہونے والے میچ میں پہلے دن80.3اوورز کرائے گئے۔ مارک اسٹون مین اور جیمز ونس نے انگلینڈ کےلئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 125رنز اسکور کئے۔ دونوں نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم جیمز ونس سنچری کے قریب آکر رن آوٹ ہو گئے۔پیٹ کمنز نے2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انگلینڈ کے کپتان جوائے روٹ نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اوپنر اور سابق کپتان ایلسٹر کک 10گیندوں 2رنز بنا کر آوٹ ہو گئے انہیں مچل اسٹارک نے پیٹر ہینڈز کومب کی مد دسے پویلین بھیجا تاہم مارک اسٹون مین اور جیمز ونس نے صورتحال کو سنبھالتے ہوئے آسٹریلین بولرز کی پیشقدمی کو کامیابی سے روکا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں125رنز بنا کر بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔پیٹ کمنز نے مارک اسٹون مین کو53کے انفرادی اسکور پر آوٹ کیا۔ اس وقت مجموعی اسکور 145رنز تھا ۔ میزبان ٹیم کو ایک بڑی کامیابی اس وقت ملی جب ناتھن لیون نے شاندار تھرو کے ذریعے83رنز پر بیٹنگ کرنے والے جیمز ونس کی اننگز کا خاتمہ کیا ۔ انہوں نے نسبتاًتیزرفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے170گیندوں پر12چوکوں کی مدد سے یہ اسکور کیا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے تمام بولرز کا ڈٹ کا مقابلہ کیا لیکن ناتھن لیون کی شاندار فیلڈنگ کا شکار ہو گئے۔ کپتان جوائے روٹ صرف15 رنزبنا سکے۔انہیں پیٹ کمننز نے ایل بی ڈبلیو کیا۔163رنز پر4وکٹیں گرنے سے میزبان بولرز کے حوصلے بڑھ گئے تاہم ڈیوڈ ملان اور معین علی نے کھیل کے اختتام تک جم کر مقابلہ کیا ۔میچ کا81واں اوور جاری تھا اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک بولنگ کر رہے تھے کہ روشنی کا مسئلہ پیدا ہوا۔ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے آسٹریلوی کپتان سے مشورے کے بعد پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ مچل اسٹارک اوور بھی مکمل نہ کراسکے بقیہ 3گیندیں دوسرے دن کرائیں گے۔ ڈیوڈ ملان اور معین علی وکٹ پر موجود ہیں اور آسٹریلیا کےلئے پہلے دن کا کھیل کافی بہتر رہا۔اسمتھ نے4بولرز استعمال کئے۔ پیٹ کمنز نے 19اوورز میں59رنز دے کر2اور مچل اسٹارک نے19.3اوورز میں 45رنز دے کرایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔

شیئر: