Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واسکوڈی گاما ایکسپریس ٹرین پٹری سے اترگئی،4ہلاک

    لکھنؤ- - - - - ملک میں بلٹ ٹرین چلانے کی بڑی بڑی باتیں کی جارہی ہیں اور اس کا گجرات میں رسمی افتتاح بھی ہوگیا ہے لیکن ملک میں چلنے والی ٹرینوں کو حادثات سے بچانے میں وزارت ریلوے ناکام ہے۔جمعہ کو پھر یوپی کے چترکوٹ کے قریب واقع مانک پور میں ایک بھیانک ریل حادثہ پیش آیا جس میں 4 افراد کی موت ہوگئی اور ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ان میں6 کی حالت نازک ہے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق گوا کے واسکوڈی گاما اسٹیشن سے چلنے والی ٹرین پٹنہ کیلئے روانہ ہوئی تھی جو مانک پور کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اسکے14ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ٹرین کے ڈبوں کے آہنی پہیے ریلوے پٹری سے دور جاگرے ۔یہ واقعہ  صبح 4 بج کر 18 منٹ پر پیش آیا۔  وزارت ریلوے نے ہلاک ہونیوالوں کے لواحقین کو5 لاکھ روپے اور شدید طور پر زخمیوں ایک لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی نے اس واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثا کو2لاکھ، شدید طور پر زخمیوں کو50 ہزار اور معمولی طور پر زخمی ہونے والوں کو 25 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے وزارت ریلوے نے اس واقعہ کی اسی طرح جانچ کرانے کا حکم دیا جس طرح ماضی میں دیتی آئی ہے جن کی جانچ رپورٹیں عام نہیں کی گئیں اور کسی کو کچھ نہیں معلوم ، گزشتہ 2برسوں سے جو ریل حادثات ہورہے ہیں انھیں بڑی آسانی سے دہشتگردی کا شاخسانہ بتا کر اپنا پلو جھاڑ لیا جاتا تھا لیکن یوپی میں بی جے پی حکومت کے آتے ہی ٹرین حادثوں کی جھڑی لگ گئی۔ اسکے بعد خاموشی اختیار کرکے جانچ کا بہانہ بنا لیا گیا۔اس ٹرین میں مسافروں کی اکثریت بہار کے رہنے والوں کی تھی اور تینوں مہلوکین کا تعلق بھی وہیں سے ہے۔

شیئر: