Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبداللہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کا فلاحی کاموں کے لیے 20 ملین ریال کا عطیہ

کنگ عبداللہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن نے نیشنل چیریٹی پلیٹ فارم ’احسان‘ کے ذریعے 20 ملین ریال (5.3 ملین ڈالر) کے عطیے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فاؤنڈیشن کا عطیہ، مملکت میں ترقیاتی منصوبوں، پائیدار کمیونٹی اقدامات اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کی سپورٹ کے لیے ہے۔
یہ عطیہ فلاحی کاموں کے لیے چھٹی قومی مہم کا حصہ ہے جو ہر سال ماہ رمضان تک جاری رہتی ہے۔
فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر عبدالعزیز بن فہد العنقری نے کہا کہ ’احسان پلیٹ فارم کے ذریعے فاؤنڈیشن کی شرکت انسانی ہمدردی کے کام کے اثرات کو بڑھانے اور قومی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے اہم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ شرکت سماجی استحکام کے حصول، انتہائی ضرورت مند گروہوں کو بااختیار بنانے کے مواقع اور ان کے معیار زندگی کو بڑھانے کے لیے فاؤنڈیشن کے عزم  پر مبنی ہے۔‘
فاؤنڈیشن اپنے انیشیٹیوز میں کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انسانی ہمدردی کے کاموں کو مضبوط کرنے اور معاشرے کی خدمت کرنے کے طریقہ کار سے متاثر ہے۔
فاؤنڈیشن مملکت کے اندر اور بیرون مملکت اپنے انسانی ہمدردی کے پروگراموں اور اقدامات پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس نے اپنے منصوبوں کے ذریعے 17 ملکوں میں 42 ملین سے زیادہ مستحقین کی انسانی، ترقیاتی اور سماجی کاموں کے ذریعے خدمات میں مدد کی۔
احسان پلیٹ فارم نے کامیابی کے ساتھ صرف 2025 میں چیریٹی کے لیے 4.5 ارب ریال سے زیادہ رقم جمع کی۔
رمضان کے آغاز سے قبل حکام نے بتایا تھا کہ ’گزشتہ پانچ برسوں میں پلیٹ فارم کے ذریعے مجموعی طور پر 14 ارب ریال اکھٹے کیے گئے۔‘

اس کے علاوہ جود الاسکان پلیٹ فارم جو کم آمدنی والے خاندانوں کو رہائش کے حصول میں مدد کرتا ہے، نے 2019 میں آغاز کے بعد سے اب تک 4.5 ملین عطیہ دہندگان سے پانچ ارب روپے جمع کیے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم فائدہ اٹھانے والوں کی اہلیت کی تصدیق اور ڈپلیکیشن سپورٹ کو روکنے کے لیے جدید ڈیٹا اینا لیٹکس اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتا ہے۔ عطیات کی کارروائی پانچ سیکنڈ سے بھی کم وقت میں مکمل کی جا سکتی ہے۔

 

شیئر: