سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اتوار کو یوکرین کے صدر زیلنسکی اور سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ٹیلی فونک رابطے کیے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران خطے میں فوجی کشیدگی اور بین الاقوامی امن و سلامتی پر اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یوکرین کے صدر نے مملکت کے خلاف صریح ایرانی حملوں کی مذمت کی۔ مملکت کی سرزمین کے تحفظ کے لیے اقدامات کی سپورٹ اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ہسپانوی وزیراعظم نے ایرانی حملوں کی مذمت کی۔ مملکت کی سلامتی اور خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کو مسترد کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے ہر اقدام کی مکمل حمایت کا یقین دلایا جو مملکت کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کیا جائے گا۔
حالیہ کشیدگی کا آغاز اُس وقت ہوا جب گذشتہ ہفتے سنیچر کو اسرائیل اور امریکہ نے ایران کے خلاف بڑا فضائی حملہ کیا تھا۔
اس حملے کے بعد ایران نے خطے میں حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔
تین مارچ کو ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس کے بعد سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ وہ جواب دینے کا ’مکمل حق‘ محفوظ رکھتا ہے۔
کابینہ نے زور دے کر کہا کہ مملکت اپنی سرزمین، شہریوں اور مقیم افراد کو ان مسلسل حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔