Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

المنائی ایسی سی ایشن کی جانب سے نائب سفیر ہند کا خیر مقدم

ہندوستانی باشندے اپنے مسائل یادرکار خدمات ایس ایم ایس وغیرہ کے ذریعے روانہ کرسکتے ہیں، ڈاکٹر سہیل
* * * رپورٹ و تصویر:کے این واصف۔ ریاض* * *
    عثمانیہ یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن ریاض نے نائب سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان کے اعزاز میں ایک خیر مقدمی تقریب کا اہتمام کیا۔ ڈاکٹر سہیل نے چند ہفتے قبل سفارتخانہ ہند ریاض میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے۔ فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدہ اس تقریب کی ابتداء حافظ و قاری علیم الدین کی قرأت کلام پاک سے ہوئی۔ ناظم محفل محمد مبین کے ابتدائی کلمات کے بعد صدر ایسوسی ایشن محمد قیصر نے خیر مقدم کیا۔
    تقی الدین میر نے عثمانیہ یونیورسٹی کی تاریخ پر ایک بہت ہی دلچسپ اور معلومات آفریں ڈاکیو منٹری پیش کی جبکہ ایسوسی ایشن کے نائب صدر وینو گوپال نے عثمانیہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہونہار سپوتوں جنہوں نے ہندوستان اور دنیا کے دیگر ممالک میں اعلیٰ عہدے حاصل کئے اور نام پیدا کیا پر ایک سلائڈ شو پیش کیا۔
    تقریب کے مہمان اعزازی ڈاکٹر حفظ الرحمان اعظمی نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جہاں کا ذریعہ تعلیم اردو رہا ہے۔
    نائب سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں برسر کار ہندوستانی باشندے سعودی عرب اور ہندوستان کے بیچ ایک پل کا کام کرتے ہیں۔ یہاں کام کرنیوالا ہر ہندوستانی اپنے ملک کا نمائندہ ہے۔
    ڈاکٹر سہیل نے کہا کہ وہ عثمانیہ یونیورسٹی سے تو اپنی ابتدائی عمر سے واقف تھے لیکن اس تقریب میں اس عظیم درسگاہ سے متعلق پیش کی گئی ڈاکیو منٹری ، سلائڈ شو اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی تقاریر سے مزید تفصیلات جان کر میری معلومات میں اضافہ ہوا اور ایسی درسگاہ کی تقریب میں شریک ہوکر فخر بھی محسوس کررہا ہوں۔
     انہوں نے بتایا کہ سفارتخانہ ہند ریاض نے ہندوستانی باشندوں کی خدمت کو مزید موثر بنانے کی خاطر 24x7ٹیلیفون سروس کو موبائل فون سے جوڑ دیا ہے جس سے ہندوستانی باشندے اپنے مسائل یا انہیں درکار خدمات کو ایس ایم ایس وغیرہ کے ذریعے روانہ کرسکتے ہیں۔
    ایسوسی ایشن کی جانب سے ریاض میں موجودسب سے سینیئر عثمانین محمد محبوب علی کے ہاتھوں نائب سفیر ہند کو تہنیت پیش کی گئی۔ دیگر سیاسی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی نائب سفیر کو گلدستے پیش کئے۔

شیئر: