Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا کا مرایا ہال: ’دنیا کی سب سے بڑی آئینوں والی عمارت‘

مرایا ہال، العلا گورنریٹ میں سب سے نمایاں مقامات میں سے ایک کا درجہ اختیار کر گیا ہے اور یہ بہت سے بین الاقوامی ایونٹس کے لیے ایک پلیٹ فارم کا کام کر رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مرایا ہال دنیا کی سب سے بڑی آئینوں والی عمارت ہے اور اس عمارت کے سامنے کے حصے پر 9740 شیشے کے پینل لگے ہوئے ہیں جو روشنی کو منعکس کرتے ہیں۔ اس طرح ان شیشوں میں اپنے ارد گرد کے انتہائی خوبصورت ماحول کے عکس کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اس عمارت کا نام مرایا اس لیے پڑا کیونکہ العلا کے صحرا اور اشعر وادی کے جغرافیائی نقشے میں اس کے سامنے کا حصہ انعکاس کی وجہ سے آئینے کا روپ دھار لیتا ہے۔
26 میٹر بلند یہ عمارت یا مرایا ہال، ہم عصر آرٹ کی ایک مثال ہے جہاں اس کے روشنی کو منعکس کرنے والے شیشے کے پینل اور فنِ تعمیر کی جدت باہم مل کر ایک دوسرے کی خوبصورتی اور دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔
 اس طرح یہ عمارت پورے دن کے لیے ایک متحرک وژوئل منظر میں تبدیل ہو جاتی ہے اور اس عمارت نے اپنے آپ کو اشعر وادی کے عین وسط میں ایک نمایاں سنگِ میل کی حیثیت میں منوایا ہے۔
مرایا ہال میں کئی بین الاقوامی کانفرنسیں، فورم، فنی اور موسیقی کی تقاریب ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں معاشی معاملات پر بھی اجلاس منعقد ہوتے رہتے ہیں اور فکری پس منظر میں مکالموں کے لیے بھی اسی جگہ کا انتخاب کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے نامور افراد، دانشور اور فنکار شرکت کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ عمارت ثقافتی مرکز کا کام بھی دیتی ہے کیونکہ یہاں کئی بڑی اور اہم بین الاقوامی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ یوں مرایا ہال، العلا کے شہری اور ثقافتی منظرنامے میں بہت ممتاز حیثیت حاصل کر چکا ہے۔

شیئر: