Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلیو ایڈڈ ٹیکس رعایتی قیمت پر ہوگا، محکمہ زکوٰة نے واٹ کے بل کا نمونہ جاری

ریاض.... محکمہ زکوٰة و آمدنی نے واضح کیا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس رعایتی قیمت پر لگایا جائے گا۔ سہولت کیلئے واٹ کے بل کا نمونہ بھی جاری کر دیا گیا۔ عملدرآمد یکم جنوری 2018ءسے ہو گا۔ محکمہ نے بدھ کو اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ بل کے دو نمونے منظور کئے گئے ہیں۔ پہلا نمونہ اس ٹیکس کے بل کا ہے جو ایک ہزار سعودی ریال سے کم قیمت والی خدمات یا سامان کی درآمد کیلئے مخصوص ہے اس میں اجراءکی تاریخ ، درآمد کرنے والے تاجر کا نام ، پتہ ، ٹیکس نمبر ، سامان یا خدمات کا تعارف ہو گا۔ سامان یا خدمات پر واجب الادا ٹیکس کی رقم مذکور ہو گی۔ یہ بل سامان برآمد کرنے یا باہم ایک دوسرے کو سامان فراہم کرنے پر جاری نہیں ہو گا۔ دوسرا نمونہ ایک ہزار ریال سے زیادہ مالیت کی درآمدات کیلئے مخصوص ہے۔ یہ زیادہ مفصل ہوگا۔ یہ لائحہ عمل کی 53ویں دفعہ کے عین مطابق بنایا گیا ہے جس میں صراحت کی گئی ہے کہ ٹیکس بل عربی زبان میں ہو۔ کسی اور زبان کا اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ بل کے اجراءکی تاریخ، سیریل نمبر، تاجر کے ٹیکس کا تعارفی نمبر بھی درج ہو گا۔ علاوہ ازیں درآمدات پر ٹیکس کے براہ راست ذمہ دار کا تعارفی نمبر بھی دیا جائے گا۔ درآمدی سمجھوتے کی تاریخ بھی درج ہو گی۔ درآمد کرنے والی کمپنی اور ایجنٹ کے نام و پتے بھی تحریر کئے جائیں گے۔ سامان کی مقدار وغیرہ بھی درج کی جائے گی۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے لائحہ عمل کے مطابق واٹ کے تحت آنے والے ہر ادارے کو سامان کی درآمد یا واٹ کے تحت آنے والی خدمات کے ٹیکس بل جاری کرنے ہوں گے۔ محکمہ زکوٰة و آمدنی کا کہنا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کسی بھی سامان یا کسی بھی خدمت کے رعایتی نرخ مقرر کئے جانے کی صورت میں آخری رعایتی قیمت پر لگایا جائے گا۔ محکمہ نے تمام اداروں کو تاکید کی ہے کہ وہ اشیاءیا خدمات کی باقاعدہ نشاندہی کریں او رایسا بل جاری کریں جس میں جملہ تفصیلات مذکور ہوں۔ بل میں واضح کیا جائے کہ فلاں شئے اور فلاں خدمت ٹیکس سے مستثنیٰ ہے۔ محکمہ زکوٰة و آمدنی نے 10لاکھ ریال سے زیادہ آمدنی والے تمام اداروں کو ہدایت دے رکھی ہے کہ وہ 20دسمبر 2017ءسے قبل ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اندراج کرا لیں وگرنہ ان پر جرمانے ہوں گے اور انہیں پیش کی جانے والی سرکاری خدمات معطل کر دی جائیں گی۔

شیئر: