Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان فیسٹیول 2026: الحرث کمشنری کا پویلین وزیٹرز کی توجہ کا مرکز

علاقے کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے روایتی ملبوسات کو نمایاں کیا جارہا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
جازان فیسٹیول 2026 میں الحرث کمشنری کا پویلین وزیٹرز کی خاص توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔ رواں برس فیسٹیول کا عنوان ’یہ جازان ہے‘ رکھا گیا ہے جس کا اہتمام ساحلی علاقے پر کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق میلے میں الحرث کمشنری کے پویلین میں علاقائی دستکاری کو اجاگر کرتے ہوئے مقامی اشیا رکھی گئی ہیں جبکہ علاقے کے دلکش قدرتی مناظر بھی وزیٹرز کے لیے کشش کا باعث ہیں۔
نمائش میں انتظامیہ کی جانب سے مختلف کارنرز بنائے گئے ہیں جو علاقے کی دستکاری کی عکاسی کرتے ہیں جن میں لکڑی سے تیار کردہ فرنیچر، پکی مٹی کی صراحیاں اور پتھر سے تراشے ہوئے برتن وغیرہ نمایاں ہیں۔
جازان فیسٹیول میں علاقے کے ان خاندانوں کو نمایاں کیا گیا ہے جو علاقائی صنعت و دستکاری میں شہرت رکھتے ہیں۔ قدیم علاقائی پکوانوں کے تعارف کے لیے بھی کارنر مخصوص ہیں۔

 علاقے کے قدیم بازار ’الخوبہ‘ کی مجسم عکاسی کی گئی ہے(فوٹو، ایس پی اے)

الحرث کمشنری کے سٹالز پر علاقے کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے قدیم مکانوں اور محلوں کی مجسم عکاسی کی گئی جہاں روایتی قدیم مقامی ملبوسات کا تعارف بھی پیش کیا جاتا ہے۔
نمائش میں ایک کارنر بچوں کے لیے بھی مخصوص کیا گیا ہے جس میں مختلف نوعیت کے تعلیمی کھیلوں کے علاوہ فیس پینٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
کمشنری کے پرانے روایتی بازار ’سوق الخوبہ‘ کی سیر سے وزیٹرز کافی محضوض ہوتے ہیں جہاں انواع و اقسام کے جانور اور پرندوں کی مارکیٹ بھی موجود ہے۔

نمائش میں بچوں کےلیے بھی کارنر مخصوص کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

علاقے کی زراعت کو اجاگر کرتے ہوئے قدیم زرعی آلات اور آٹا پیسنے کی روایتی چکی بھی موجود ہے تاکہ نوجوان نسل کو ماضی کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے۔
نمائش میں مختلف مقامات پر بڑی سکرینز نصب ہیں جہاں کمشنری کے مختلف قدرتی مقامات اور روایتی اشیا کے حوالے سے معلوماتی ویڈیوز دکھانے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

شیئر: