Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے نئے کورنیش پر پاکستانی بچی ڈوب کر جاں بحق

جدہ.... جدہ کے ساحل پر سیر سپاٹے کیلئے آنے والے پاکستانی خاندان کی بچی سمندر میں ڈوب گئی۔ واقعہ نئے کورنیش کے افتتاح کے بعد جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق متوفی بچی کا نام عالیہ بتایاگیا ہے۔ موقع پر موجود چشم دید گواہ عبدالناصر الزہرانی نے عاجل ویب سائٹ کو بتایا کہ بچی کے ڈوبنے کے وقت وہ کورنیش پر موجود تھا۔ بچی اپنے اہل خانہ کے ساتھ نیا کورنیش دیکھنے آئی تھی۔ افسوس یہ ہے کہ بچی کو بچانے کی کوششیں درست انداز سے نہیں کی گئیں۔ پانی سے نکالنے کے بعد میں نے اسے ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش کی ۔ میرے ساتھ موقع پر موجود ایک خاتون نے بھی اپنی سی کوشش کی ۔ بعدازاں ہلال احمر کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچی کو فوری طور پر سعودی جرمن اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بعدازاں معلوم ہوا کہ بچی جانبر نہ ہوسکی۔ دوسری طرف کوسٹ گارڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ جدہ کے شمالی کورنیش میں ایک پاکستانی بچی ڈوب گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی بچانے والی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچی کو سمندر سے نکال کر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعدازاں بچی کو اسپتال منتقل کردیاگیا۔ 
 
 

شیئر: