Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دن دہاڑے ’’زیبرا کا سر ‘‘ چرانے والی عورت خفیہ کیمرے کی مدد سے گرفتار

اینکریج ، الاسکا.....  پولیس نے ایک 38سالہ خاتون کو چوری کے الزام میں گرفتار کیا ہے او راسکا کہنا ہے کہ یہ خاتون رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ہے کیونکہ وہ دن دہاڑے مشہور بوتیک مالکن اسٹیسی اسکاٹ کے یہاں سے  ’’زیبرا کا  سر‘‘چرا کربھاگ رہی تھی اور اس مصنوعی سر سے  اس خاتون چور نے اپنا سر بھی ڈھانپ رکھا تھا مگر خفیہ کیمرے نے ساری پول کھول دی اور پولیس نے معمولی سی مشقت کے بعد خاتون کو گرفتار کرلیا۔ بوتیک کی مالکہ اسٹیسی اسکاٹ کا کہناہے کہ اس نے کچھ عرصہ قبل جب وہ جارج نامی بوتیک میں کام کرتی تھی تو اپنی کسی دوست سے زیبرا کا یہ مصنوعی سر حاصل کیا تھا اور ڈیکوریشن پیس کے طورپر اپنے بوتیک پر لگادیا تھا۔ پولیس نے ملزمہ کا نام ڈیزائری فلر  بتایا ہے اور کہا ہے کہ خاتون زیر حراست ہے اور اسکے خلاف چوری، نقب زنی  اور جرائم کی پردہ پوشی کی دفعات لگائی جارہی ہیں۔ اسٹیسی کا کہناہے کہ وہ کہیں باہر گئی تھی اور جب وہاں سے واپس آئی تو زیبرا کا یہ سر غائب دیکھا۔ کچھ اور چیزیں بھی غائب ہوچکی تھیں۔ اسکاٹ کا کہناہے کہ اسکی سمجھ میں نہیں آیا کہ کوئی شخص کسی دوسرے کے گھر میں گھس کر اس قسم کی چھوٹی اور گری ہوئی حرکتیں کس طرح کرسکتا ہے۔معمولی اخلاقیات کے حامل افراد بھی ایسی گھٹیاحرکت نہیں کرتے مگر جو کچھ ہوا وہ بھی زندہ حقیقت ہے اور اس سے انکار نہیں کیا  جاسکتا۔ بوتیک کی مالکن نے فوری طور پر اپنے دوستوں اورجاننے والوںکو تصویر اتار کر نیٹ پر جاری کردی جو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ بوتیک کی مالکن کا کہناہے کہ وہ کاروباری لحاظ سے کم اور لوگوں کی مدد و خدمت کے حوالے سے زیاد ہ کام کرتی ہیں اور عوام کی بے لوث خدمت جاری رکھے گی مگر عوام کو ایسے چوروں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ پولیس اب سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے والی کمپنی کیخلاف بھی کارروائی کررہی ہے جس نے چور خاتون کی مدد کی تھی۔

شیئر: