Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کی رپورٹ نے ایرانی چہرے کو بے نقاب کردیا، طاہر اشرفی

    ریاض -- - - - - - مجلس علماء پاکستان کے سربراہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے ایران کا حقیقی چہرہ نمایاں کردیا ہے ۔ رپورٹ کے اجراء کے بعد اب ایران کے مکروہ کردار کے بارے میں کسی قسم کا شک و شبہ نہیں ۔  ایران کی جانب سے دہشتگرد جماعتوں اور تنظیموں حزب اللہ  وغیر ہ کی جس طرح پشت پناہی کی جاتی ہے وہ واضح ہو چکی ہے ۔ طاہر اشرفی اسلام آباد میں مجلس علماء پاکستان کی جانب سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے انہو ں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے  یمن میں حوثی باغیوں کو اسلحہ کی سپلائی اور خطہ میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے ایرانی کردار کو بے  نقاب کیا گیا ہے وہ مثالی اقدام ہے جس سے امن دشمنوں کے چہرے سے نقاب ہٹ گئے ہیں ۔ دنیا میں ایران کا چہرہ نمایاں ہو گیا ہے ۔ ایرانی حکومت کی جانب سے حوثی باغیوں کو جس طرح اسلحے سے لیس کیا جارہا ہے اور انہیں خطرناک میزائل سپلائی کئے جارہے ہیں اس سے خطے میں قیام امن میں نہ صرف مشکلات ہونگی بلکہ یمن اور دیگر ممالک کا امن بھی مخدوش ہو گا ۔ ایرانی حکومت کی جانب سے دوغلی پالیسی سب پر عیاں ہو چکی ہے اب وہ وقت آگیا ہے کہ ایران کے منفی کردار کے بارے میں سب کو آگاہ کیاجائے ۔ اقوام متحدہ کی جانب سے غیر جانبدار رپورٹ کے اجراء کے بعد اب صورتحال مزید واضح ہو گئی ہے کہ خطے میں قیام امن کا دشمن کون ہے ۔ حافظ اشرفی نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں یہ امر انتہائی ضروری ہو گیا ہے کہ بین الاقوامی سطح  پر خطے میں امن بحال کرنے کیلئے فوری سیاسی مداخلت کی جائے اور ایرانی کردار کو روکا جائے جس کی تخریبی کارروائیوں سے یمن میں معصوم افراد کی جانوں کو شدید خطرہ ہے ۔ دریں اثناء حافظ اشرفی نے القدس کو اسرائیل کا درالحکومت بنانے کے فیصلہ کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانو ں کے قبلہ اول کی حفاظت تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے اور کوئی مسلمان اس امر کو قبول نہیں کرے گا کہ عالم اسلام کے قبلہ اول کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیاجائے ۔

شیئر: