السعودیہ نے 2025 میں 27 ملین سیاحوں اور وزیٹرز کا خیرمقدم کیا
سال 2030 تک 150 ملین وزیٹرز کا ہدف حاصل کیا جائے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ اور ٹورازم اتھارٹی کی کامیاب حکمت عملی سے 2025 کے دوران 24 ملکوں سے سیاحوں اور وزیٹرز کی تعداد تقریبا27 ملین تک پہنچ گئی۔
ایس پی اے کے مطابق السعودیہ ایئر گروپ کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر خالد طاش نے ٹورازم اتھارٹی کے ساتھ شراکت داری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی سال 2030 تک 150 ملین وزیٹرز کا ہدف حاصل کیا جائے جبکہ سال 2023 میں بنیادی ہدف کامیابی سے حاصل کیا جاچکا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز جدہ کے مینٹیننس ویلج میں السعودیہ کی جانب سے سعودی ٹورازم اتھارٹی کے اشتراک سے ’وزٹ سعودیہ‘ کے لوگو سے مزین طیارے کی لانچنگ تقریب منعقد کی گئی جس کا مقصد عالمی سطح پر مملکت کے سیاحتی مقامات کو متعارف کرانا ہے۔
وزٹ سعودیہ‘ کے لوگو سے مزین طیارے رواں برس مختلف ممالک کے 25 مقامات پر اڑان بھریں گے، یہ طیارے ایک موبائل پروموشنل پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گے۔
مارکیٹنگ ڈائریکٹر طاش نے سعودی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’ السعودیہ کے بوئنگ 787-9 ساختہ طیاروں کو طویل دورانیے کی پروازوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جن میں جدہ، واشنگٹن، مشرق ایشیا اور چین کے روٹ شامل ہیں۔‘
السعودیہ چار براعظموں کے 100 سے زیادہ مقامات کے لیے سفری سہولتیں فراہم کرتی ہے۔
قومی فضائی کمپنیوں کے طیاروں پر ’وزٹ سعودیہ‘ کا سلوگن مملکت کے مختلف مقامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔
یہ مملکت کے متنوع و پرکشش مقامات اور روایتی مہمان نوازی کے لیے ایک بہترین ایئربل بورڈ کے طور پر کام کرتا ہے۔
