Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بزم شاہین کے زیر اہتمام ریاض میں تقریری اور پینٹنگ مقابلے

    ریاض - - - -  بزم شاہین کے زیر اہتمام بچوں کا رنگارنگ پروگرام منعقد ہوا ۔ پروگرام میں نعت، ملی نغمے، نظم اور علامہ اقبال کی شاعری کے علاوہ پینٹنگ اور تقریری مقابلے  ہوئے۔ جونیئر اور سینیئر بچوں کے 2 گروپ بنائے گئے جن کو علامہ اقبال کے مشہور شعر’’ کی محمد سے وفا تونے تو ہم تیرے ہیں ،‘‘ کے عنوان پر تقاریرکی ۔ بچوں نے مجموعی طور پر اپنے خطاب میں علامہ محمد اقبال کی شخصیت کو اجاگر کیا کہ وہ ایک عظیم شاعر اور لیڈر تھے، انہیں اللہ پاک نے بے پناہ صلاحیتوں سے نواز رکھا تھا۔بزم شاہین کے صدر سید واصل حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے معمارِ پاکستان ہیں۔دور حاضر میں ہماری نئی نسل بہت آگے بڑھ رہی ہے اور پاکستانیت کے جذبے سے سرشار ہے۔پاکستان انٹرنیشنل ا سکول ناصریہ کے پرنسپل پروفیسر طاہر رضا نے اپنے صدارتی خطاب میں  بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل ہیں، آپ نے علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کو زندہ رکھنا ہے اور دین اسلام کی سربلندی کیلئے کام کرنا ہے۔ سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کا کہنا تھا کہ بزم شاہین دیار غیر میں جس طرح کام کر رہی ہے ایسا بہت کم تنظیمیں کام کرتی ہیں اور ہمارے بچے یقینی طور پر دورِحاضر میں تعلیمی میدان کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی اپنی اچھی کارکردگی کی بنا پر جانے جاتے ہیں۔تقریب میں کوئز کا سیشن بھی رکھا گیا تھا جس میں اسلامی سوالات کے جوابات میں بچوں کو تحائف دئیے گئے۔پینٹنگ مقابلے کے جج نصیر الدین تھے ۔انہو ں نے جونیئربچوں میںتحائف تقسیم کئے۔ شغیر محبوب کو پہلی، یحییٰ احمد کو دوسری اور ریان زاہد کو تیسری پوزیشن جبکہ سینیئرز میں سے علی عمران پہلی، حیدر عمران دوسری اور عبدالرحمن کو تیسری پوزیشن کا اہل قرار دیا گیا۔ تقریری مقابلوں کے 3جج تھے، جن میں انجینیئر راشد محمود بٹ، وقار نسیم وامق اور ابرار تنولی شامل تھے۔ انہوں نے جونیئربچوں میں سے محمد راحیل علی کو پہلی، موسیٰ احتشام کو دوسری اور جلال نیاز کو تیسری پوزیشن کیلئے منتخب کیا۔ اسی طرح سینیئرز میں سے موعود الرحمان پہلی، عمر عبدالمعزدوسری اور حسن ریان تیسری پوزیشن قرار پائے۔بزم شاہین کے نائب صدر یوسف اسمٰعیل، جنرل سیکریٹری سید محمود، عمر کیانی زونل صدر اور ارشد محمود  نے بھی تقریب میں اپنے فرائض سر انجام دئیے اور آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: