Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان امریکی میزائل خریدے گا

ٹوکیو ۔۔۔جاپان کی حکومت نے شمالی کوریا کی طرف سے درپیش خطرات کو سنگین اور حقیقی قرار دیتے ہوئے اپنے دفاع کیلئے امریکی میزائل انٹرسیپٹر سسٹن ایجز متعارف کرانے کی منظوری دیدی ہے۔ جاپانی کابینہ کے اجلاس میں اس اقدام کی منظوری کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے اس سال جاپان کی طرف 2 میزائل فائر کئے اور ہمارے ملک کو سمندر میں غرق کردینے کی دھمکی دی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ شمالی کوریا کی طرف سے فائر کیا جانے والا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون میں گرا۔ شمالی کوریا کا جوہری اور میزائل پروگرام اب ایسے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جو جاپان کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ اس صورتحال میں جاپان کے میزائل حملے سے دفاع کی صلاحیت میں اضافہ ناگزیر ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے اس وقت جاپان میں پہلے ہی2 میزائل دفاعی سسٹم ایس ایم۔ 3 اور پی اے سی۔3 نصب کر رکھے ہیں اور نئے میزائل سسٹم کی تنصیب اور اس کو آپریشنل کرنے کیلئے کئی سال درکار ہوں گے۔ اس کی تنصیب پر اندازاً1.8ارب ڈالر لاگت آئیگی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نئے میزائل سسٹم کی تنصیب سے جاپان کا دفاع مضبوط تر ہوجائے گا۔ 
 

شیئر: