Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی کوریا پر مزید پابندیاں، ٹرمپ کی طرف سے خیر مقدم

واشنگٹن۔۔۔امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا امن چاہتی ہے۔صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی کہ پابندیوں کے حق میں ووٹوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ دنیا امن چاہتی ہے ہلاکتیں نہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربوں کے جواب میں اس پر مزید سخت پابندیاں لگانے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی۔امریکی قرارداد کے مسودے میں شمالی کوریا کی تمام تیار پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات 90 فیصد تک کم کرنا شامل ہے۔چین اور روس جو کہ شمالی کوریا کے بڑے تجارتی پارٹنر ہیں ،نے بھی اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔گزشتہ ماہ شمالی کوریا نے ان پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا اور اسے 'ظالمانہ پابندیاں' قرار دیا تھا۔نئی پابندیوں کی چین نے بھی حمایت کی ہے تاہم بیجنگ نے کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بات چیت کی اپیل بھی کی ہے۔خیال رہے کہ شمالی کوریا پر پہلے ہی امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے کافی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں۔امریکہ 2008 سے شمالی کوریا پر پابندیاں لگا رہا ہے۔ 
 

شیئر: