Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی میں بھاگلپوری چوروں کا گروہ بے نقاب

    نئی دہلی/ بھاگلپور- - -  - -دہلی  کی پوش  کالونیوں میں  ہونے والی  چوری کی  وارداتوں  میں ملو  گروہ کا پتہ چلا لیا گیا ہے۔  دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے  اس گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے  ایک جوہری سمیت متعدد  عورتوں کو گرفتا رکرلیا ہے۔ ان سب کا تعلق بہار کے ضلع بھاگلپور کی سوناپٹی سے بتایا جاتا ہے جہاں سے گرفتاریاں  عمل میں آئیں۔  دہلی پولیس کی  کرائم برانچ ٹیم نے  بھاگلپور کی سونا پٹی  میں  کئی دنو ں تک نگرانی کے بعد  وہا ں سے  ایک جوہری  امیت کما ر ورما عرف پنٹو کو گرفتار کرلیا اور اس کو دہلی لے آئی۔  امیت کی دکان سے  375 گرام  پگھلایا ہوا مسروقہ سونا  بھی  ضبط کرلیاگیا ہے۔  دہلی پولیس کے سب انسپکٹر نگیندر سنگھ  کی قیادت میں 5رکنی پولیس ٹیم بھاگلپور پہنچی تھی  جہاں مقامی  پولیس کی مدد سے  امیت  کمار کے گھر چھاپہ مارا گیا  ۔دراصل نئی دہلی کے راجوری گارڈن  علاقے میں کروڑوں روپے کے زیورات  چوری ہونے کا معاملہ  نومبر میں درج ہوا تھا۔  دہلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ  دہلی کے بڑے گھرانوں  سے چرائے گئے سونے چاندی اور ہیرے کے زیورات  سونا پٹی میں فروخت ہوتے تھے جن کی  خبر ملنے پر ہی کرائم برانچ کی ٹیم وہاں گئی تھی۔  دہلی کرائم برانچ کے مطابق  انہیں  خفیہ  اطلاع ملی تھی کہ  25 نومبر کو  دہلی کے غازی  پور بس ڈپو کے سے بھاگلپور گروہ میں شامل  عورتیں دلی آنے والی ہیں  لہذا فوراً ہی جال بچھا کر  5عورتوں کو گرفتار کرلیاگیا۔   ان کی 2ساتھی  عورتیں  پہلے  ہی پکڑی جاچکی تھیں۔ یہ سب  بھاگلپور  کے مختلف علاقوں کی رہنے والی ہیں جن کے پاس سے تقریباً  ایک کروڑ روپے کے زیورات بھی  برآمد کرلئے گئے ۔ تفتیش کے دوران  عورتوں نے بتایا کہ وہ دہلی کی پوش کالونیوں کے بڑے گھرانوں میں گھریلو خادمہ کے طور پر خدمت انجام دیتی ہیں جہاں سے وہ موقع ملتے ہی  طلائی زیورات  چراکر  اپنے گاؤں واپس لوٹ جاتی ہیں۔ کچھ وقفہ کے بعد  وہ پھر واپس آتی ہیں اور یہی دھندہ شروع کردیتی ہیں۔  چوری کے زیورات دہلی میں نہیں بلکہ  وہ  بھاگلپور کی سونا پٹی میں ہی فروخت کرتی ہیں تاکہ پولیس  کی پکڑ سے بچی رہیں۔ اس گروہ میں  بہار کے   بہت سے لوگ  بھی شامل ہیں ۔ دہلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ  سی سی ٹی وی  فوٹیج میں بھی  ان عورتوں کی تصاویر ہیں جس میں وہ  چوری کرتی نظر آتی ہیں۔

شیئر: