Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سفر کا باوقار اختتام چاہتا ہوں‘، مشہور برطانوی ریپر سینٹرل سی نے اسلام قبول کر لیا

27 سالہ سینٹرل سی کا پیدائشی نام اوکلی نیل سیزر سو ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
معروف برطانوی ریپر سینٹرل سی نے اسلام قبول کر کے اپنا نام تبدیل کر لیا ہے۔
مشہور گانے ’سپرینٹر‘ سے شہرت پانے والے ریپر نے یہ انکشاف ایک لائیو سٹریم کے دوران پالکیو بوائےمیکس کے ساتھ گفتگو میں کیا۔
27 سالہ سینٹرل سی کا پیدائشی نام اوکلی نیل سیزر سو ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کلمہ شہادت پڑھ لیا ہے اور اپنا نام اوکلی سے تبدیل کر کے اخیل رکھ لیا ہے۔‘
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ لندن کے علاقے شیفرڈز بش سے تعلق رکھنے والے سینٹرل سی نے اس سے قبل اپنے مذہبی نظریات کے بارے میں کبھی کھل کر بات نہیں کی تھی۔
سینٹرل سی نے سنہ 2014 میں ’فائر ان دی سٹریٹ‘ کے ذریعے موسیقی کے سفر کا آغاز کیا اور سنہ 2021 تک وہ برطانیہ کے بڑے ریپرز میں شمار ہونے لگے۔ وہ پہلے برطانوی ریپر ہیں جن کے گانے ایک ارب سے زائد بار سٹریم کیے گئے ہیں۔
گزشتہ برس ’کمپلیکس میگزین‘ سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں اپنی کامیابی کا احساس اب جا کر ہو رہا ہے کیونکہ وہ مسلسل کام میں مصروف رہے ہیں۔
انہوں نے شہرت کے دباؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اپنے خاندان اور دوستوں کی سلامتی کے حوالے سے بے چینی رہتی ہے، خاص طور پر جب وہ دوروں پر ہوتے ہیں۔‘
سینٹرل سی کا کہنا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ شہرت ہمیشہ نہیں رہتی، لیکن میں چاہتا ہوں کہ جب میں اس مرحلے سے نکلوں تو یہ سفر وقار کے ساتھ مکمل ہو۔‘

شیئر: