’یہ اب ہمارا گھر ہے،‘ لیجنڈ آسٹریلوی کرکٹر کا دبئی میں رہائش اختیار کرنے کا اعلان
بریٹ لی کی انسٹا پوسٹ میں دبئی کی نمایاں جھلکیاں دکھائی گئیں۔ تصویر: لی انسٹاگرام
آسٹریلیا کے لیجنڈ سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے دبئی میں مستقل رہائش اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بریٹ لی نے انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیوز کی ایک سیریز کے ذریعے اعلان کیا ہے جن سے واضح ہوتا ہے کہ ان کا خاندان دبئی میں زندگی سے خوب لطف اندوز ہو رہا ہے۔
بریٹ لی نے انسٹاگرام پر لکھا ہے کہ ’کام کے سلسلے میں چند دوروں سے شروع ہونے والا یہ سفر اب کہیں زیادہ بڑا ہو چکا ہے اور دبئی اب ہمارا گھر ہے۔‘
تینوں فارمیٹس میں 700 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے بریٹ لی کی انسٹا پوسٹ میں دبئی کی نمایاں جھلکیاں دکھائی گئیں، جن میں برج خلیفہ، سرسبز گالف کورسز اور صحرا میں اونٹ کی سواری شامل ہیں۔
بریٹ لی نے لکھا، ’نئے مواقع، بہترین لوگ، خاندان کے ساتھ زیادہ وقت اور ایک ایسا طرزِ زندگی جس کا مقابلہ مشکل ہے۔ ہم نے یہاں ہر لمحہ دل سے انجوائے کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ان کے بچے دبئی میں خوش ہیں، یہاں کے ’تعلیمی ادارے بہترین ہیں، کھیل ہر جگہ موجود ہے‘ اور سب سے بڑھ کر لوگ ہیں جو اس سفر کو یادگار بناتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر اپنے شاندار کریئر کے دوران تیز باؤنسرز اور برق رفتار گیندوں کے باعث دنیا بھر کے بلے بازوں کے لیے خوف کی علامت رہے۔
یاد رہے کہ بریٹ لی نے اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کے آغاز میں گلین میک گرا اور جیسن گلیسپی کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کی ایک خوفناک باؤلنگ لائن اپ تشکیل دی تھی۔
بریٹ لی نے 2012 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی جب انجریز نے ان کے 13 سالہ کریئر کے آخری حصے کو متاثر کیا۔ گزشتہ برس دسمبر میں انہیں آسٹریلین کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔
اپنے انسٹا پوسٹ میں بریٹ لی نے لکھا ہے کہ وہ دل سے ہمیشہ آسٹریلوی ہی رہیں گے۔ ’ہمیں ہمیشہ فخر رہے گا کہ ہم آسٹریلیا کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ وہاں جو زندگی ہم نے بنائی ہے، اس پر میں شکر گزار ہوں، اور یہ کبھی نہیں بدلے گا۔‘
ان کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے بھی بھرپور ردِعمل دیکھنے میں آیا، جہاں کئی مداحوں نے کمنٹس میں انہیں دبئی آمد پر خوش آمدید کہا۔
واضح رہے گزشتہ ماہ انہیں متحدہ عرب امارات کے معروف رئیل سٹیٹ گروپ ڈینیوب کا عالمی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔
