Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین کی توسیع شاہ سلمان کا مثالی کارنامہ ہے ، احمد علی سروہی

سابق قونصل سروہی آج بھی اہل جدہ کے دلوں میں بستے ہیں ، کمیونٹی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ کے سابق قونصل اور برونائی دار السلام میں حالیہ ڈپٹی ہائی کمشنر احمد علی سروہی نے کہا ہے کہ مملکت میں گزرے دنوں کی یادیں ہمیشہ تازہ ہیں ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے زائرین حرمین کےلئے جو سہولتیںمہیا کی ہیں وہ مثالی ہیں ۔ وہ برونائی سے عمرہ کی ادائیگی کےلئے ارض مقدس آئے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سروہی نے مزید کہا کہ مملکت میں قیام کے دوران حرمین میں حاضری مسلسل رہتی تھی اس وقت ہماری خواہش تھی کہ کسی طرح مطاف کی توسیع ہو جائے اب جب مملکت آنا ہوا تو یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی کہ خادم حرمین شریفین نے مطاف کی توسیع کر دی جس سے زائرین حرم اور عازمین حج کو بے پناہ سہولتیں مل رہی ہیں ۔ مدینہ منورہ میں بھی تعمیر و ترقی کے بہت سے منصوبے جاری ہیں ۔ حرمین ٹرین منصوبے کے بارے میں معلوم ہوا جو امسال شروع ہو جائے گا ۔ ٹرین منصوبہ بے حد مفید ثابت ہو گا خاص کر عازمین حج کےلئے اس کی افادیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ۔ سربراہان مملکت کی حرمین شریفین کےلئے کی جانے والی خدمات کو سنہرے الفاظ سے لکھا جائے گا ۔ واضح رہے احمد علی سروہی 2007 تک جدہ قونصلیٹ میں متعین رہے جہاں انکی مثالی خدمات کا حوالہ آج بھی لوگ دیتے ہیں ۔ پاکستان میں جب تباہ کن زلزلہ آیا تھا اس وقت سروہی نے کمیونٹی کے ساتھ ملکر اہم خدمات انجام دیں ۔ انہو ںنے خود کو ہم وطنو ںکی خدمت کےلئے وقف کر رکھا تھا ۔ اس ضمن میں جدہ کمیونٹی کے وہ افراد جو ان سے واقف ہیں انہیں نرم دل ، ملنسار اور لوگوں کے کام آنے والے افسر کے طور پر یاد کرتے ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان قونصلیٹ جدہ میں آنے والے ایسے افسران ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں جنہوں نے ہم وطنوں کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ۔ احمد علی سروہی آج بھی اہل جدہ کے دلوں میں بستے ہیں۔ 

شیئر: